بینکوں کی جانب سے چھ ماہ کے دوران 301.7 ارب روپے کے زرعی قرضے جاری

بدھ 8 فروری 2017 11:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2017ء) رواں مالی سال (2016-17ئ) کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران بینکوں کی جانب سے 301.7 ارب روپے کے زرعی قرضے جاری کئے گئے ہیں جبکہ مالی سال کیلئے قرضوں کے اجراء کا کل ہدف700 ارب روپے مقررکیا گیا ہے۔ ایگری کلچرل کریڈٹ ایڈوائزری کمیٹی (اے سی اے سی) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران زرعی قروں کے اجراء کے ہدف کے مقابلہ میں43.1 فیصد کے قرضے جاری کئے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال 2015-16 ء کے دوران زرعی شعبہ کو598.3 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے تھے جبکہ قرضوں کے اجراء کا ہدف600 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا۔ زرعی شعبہ کی کارکردگی اور استعداد کے حوالے سے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر اشرف محمود وتھرا نے کہا ہے کہ زرعی شعبہ قومی معیشت میں انتہائی اہمیت کا حامل شعبہ ہے۔

(جاری ہے)

زرعی قرضوں کے اجراء میں اضافہ سے زرعی شعبہ کی کارکردگی اور قومی پیداوار میں خاطرخواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) میں بھی نمایاں حصہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کا جی ڈی پی میں حصہ20فیصد کے قریب ہے جبکہ ملک کی مجموعی افرادی قوت کے 42 فیصد سے زائد کا حصہ کا روزگار بھی زراعت سے وابستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حکومت زرعی شعبہ کی کارکردگی میں اضافہ کیلئے جامع حکمت کے تحت اقدامات کررہی ہے تاکہ قومی معیشت کی ترقی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں