وزارت داخلہ نے الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی

منگل 7 فروری 2017 23:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2017ء) وزارت داخلہ نے الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دیدی ۔ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الطاف حسین پاکستان میں دہشت گردی سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں ،ْانسداد دہشت گردی کی عدالت نے آئندہ پیشی پر الطاف حسین کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی جس کے تناظر میں وزارت داخلہ نے الطاف حسین کی گرفتاری کے لئے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی باقاعدہ منظوری دیدی ۔

یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ ماہ پولیس کو احکامات جاری کیے تھے کہ وہ متعلقہ حکام سے رابطہ کرے اور ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف ریڈ وارنٹ حاصل کرے۔عدالت نے یہ احکامات الطاف حسین کی جانب سے 22 اگست 2016 کو کی جانے والی نفرت انگیز تقریر کے سلسلے میں دائر ہونے والے ایک جیسے تین مقدمات کی سماعت کے دوران دئیے تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پولیس نے رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل، قمر منصور اور شاہد پاشا کو مبینہ طور پر نفرت انگیز تقاریر سننے اور سہولت کار کا کردار ادا کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔ان افراد کے خلاف قائد آباد، اسٹیل ٹاؤن اور سائٹ سپر ہائی وے پولیس اسٹیشنز میں تین مقدمات درج کیے گئے تھے ،ْ پولیس نے الطاف حسین، ڈاکٹر فاروق ستار، خواجہ اظہار الحسن، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اور دیگر کو مفرور بھی قرار دیا تھا۔

مقدمات کی آخری سماعت میں مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا تھا کہ وہ باظابطہ طریقے سے وزارت داخلہ سے رابطہ کرے تاکہ ایم کیو ایم کے بانی کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کے ذریعے ریڈ وارنٹ جاری کیا جاسکے۔کراچی، کوئٹہ اور گلگت بلتستان کی انسداد دہشت گردی عدالتوں کی جانب سے الطاف حسین کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں