قومی اسمبلی، وزراء کی عدم حاضری پر اپوزیشن کا شدید احتجاج ، پیپلز پارٹی نے ایوان سے علامتی واک آئوٹ کردیا

پی ٹی آئی کا ایجنڈے سے توجہ دلائو نوٹس نکالنے پر احتجاج ڈونلڈ ٹرمپ کی ویزہ پالیسی اور امریکی حکومت کے مسلمانوں کے خلاف اقدامات پر توجہ دلائو نوٹس شامل نہیں کیا گیا‘ انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری کی روک تھام اور ہائوسنگ سوسائٹیوں کی جانب سے گندے پانی نکاسی اور اس کی دوبارہ عمل کاری سے متعلق بل ایوان میں پیش کردیئے گئے، پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری

منگل 7 فروری 2017 22:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 فروری2017ء) قومی اسمبلی میں وزراء کی عدم حاضری پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور پیپلز پارٹی نے ایوان سے علامتی واک آئوٹ کردیا جبکہ پی ٹی آئی نے ایجنڈے سے توجہ دلائو نوٹس نکالنے پر احتجاج کیا۔ پی ٹی آئی کی رکن شیریں مزاری نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی ویزہ پالیسی اور امریکی حکومت کے مسلمانوں کے خلاف اقدامات پر توجہ دلائو نوٹس شامل نہیں کیا گیا‘ انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری کی روک تھام اور ہائوسنگ سوسائٹیوں کی جانب سے گندے پانی نکاسی اور اس کی دوبارہ عمل کاری سے متعلق بل ایوان میں پیش کردیئے گئے ۔

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزراء کی عدم حاضری پر پیپلز پارٹی کے ارکان نے شدید احتجاج کیا ۔

(جاری ہے)

اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ ایوان میں وزراء موجود نہیں قومی اسمبلی کو مذاق بنا لیا گیا ہے جس پر ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے باعث وزراء ایوان میں نہیں آئے۔ اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ اگر وفاقی کابینہ کا اجلاس تھا تو پارلیمنٹ کا اجلاس صبح کے بجائے شام کو رکھ لیا جاتا۔

پیپلز پارٹی کے ارکان نے ایوان سے علامتی واک آئوٹ کیا۔ ایم کیو ایم کے رکن ساجد اقبال نے انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوند کاری کو روکنے کے لئے وفاقی تحقیقاتی ایکٹ 1975 میں ترمیم کا بل ایوان میں پیش کیا جسے ڈپٹی سپیکر نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ساجد اقبال نے کہا کہ پاکستان میں انسانی اعضاء کی پیوند کاری عروج پر ہے اس کے تدارک کے لئے ایف آئی اے کو اختیارات دیئے جائیں ۔

حکومتی رکن میجر (ر) طاہر اقبال نے ہائوسنگ سوسائٹیوں کی جانب سے گندے پانی کی نکاسی اور اس کی دوبارہ عمل کاری سے متعلق بل ایوان میں پیش کیا جاسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے میجر (ر) طاہر اقبال نے کہا کہ آلودہ پانی پر 33سے 40ارب سالانہ ضائع ہورہا ہے ہائوسنگ سوسائٹیوں کو اس وقت تک این او سی نہ دیا جائے جب تک وہ نکاسی کا نظام نہ بنائیں۔

سیوریج سسٹم پلانٹ لگانے چاہئیں۔ حکومتی رکن صاحبزادہ محمد یعقوب‘ طارق الله‘ شیر اکبر خان اور عائشہ سید کی جانب سے تجارتی تنظیمات ترمیمی بل 2017ء ایوان میں پیش کیا گیا جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ پی ٹی آئی کی رکن شیریں مزاری نے ان کی پارٹی کے ارکان کے توجہ دلائو نوٹس ایجنڈا میں شامل نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کے کسی بھی توجہ دلائو نوٹس کو اجلاس میں شامل نہ کرنا پارلیمان کی روح کے خلاف ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ٹرمپ کی ویزہ پالیسی اور امریکی حکومت کی مسلمانون کے خلاف نفرت اور اقدامات پر توجہ دلائو نوٹس جمع کرایا تھا جسے ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا۔ (ن غ/ آ چ)

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں