وفاقی تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے امتحانی نتائج کا اعلان کر دیا، 78ہزار 915 میں سے 60ہزار 517امیدوار کامیاب ،18ہزار347امیدوار فیل

تعلیم کے ذریعے پاکستان کو ترقی یافتہ بنا یاجاسکتاہے، رٹا لگا کر آگے بڑھنے والوں میں تخلیقی صلاحیتوں کا فقدان ہوتا ہے اب کسی بچے کو استحصال کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ،وزیر مملکت تعلیم وتربیت بلیغ الرحمان کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 4 جولائی 2015 23:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جولائی۔2015ء) فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن نے میٹرک امتحانات 2015 کے نتائج کا اعلان کر دیا، مجموعی طور پر 78ہزار 915 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا، جن میں 60ہزار 517امیدوار کامیاب ہوئے،18ہزار347امیدوار فیل ہوئے، مجموعی طور پر نتیجہ 76.69فیصد رہا، ہر سال کی طرح اس سال بھی طالبات بازی لے گئیں۔

ہفتہ کے روز فیڈرل بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے امتحانات 2015 کے نتائج کا اعلان کر دیا، سائنس گروپ سعود طارق یلغاری نے 1035 نمبر لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، دوسری پوزیشن طالبہ اقدس حسین نے حاصل کی جنہوں نے 1032نمبر حاصل کئے، 1032نمبر لے کر سمیعہ باسط نے بھی دوسری پوزیشن حاصل کی، تیسری پوزیشن بھی دو امیدواروں نے حاصل کی۔

(جاری ہے)

روحا اشفاق نے 1030 نمبر لے کر تیسری اور وجیہہ عامر نے بھی 1030نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آرٹس گروپ میں سفانہ شفیق نے 977 نمبر لے کر پہلی واجد علی953 نمبر لے کر دوسری جبکہ سمیعہ ایمن نے بھی 953 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی جویریہ فیض نے 951 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، نتائج کے اعلان کے وقت وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان بھی موجود تھے۔

ان پوزیشن لینے والے طلباء کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی جبکہ کامیاب طلباء کو بھی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تعلیم کے ذریعے ہی پاکستان کو ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں، رٹا لگا کر آگے بڑھنے والوں تخلیقی صلاحیتوں کا فقدان ہوتا ہے اس لئے سمجھ کے پڑھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب کسی بچے کو استحصال کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا،اب براہ راست بورڈ کی ویب سائٹ پر ڈیٹ شیٹ بآسانی حاصل کی جا سکتی ہے، اس سے یقیناً پرائیویٹ سکولوں کی من مانی ختم ہو گئی، ہم کوشش کررہے ہیں کہ او لیول اور اے لیول کے امتحانات کا بھی وفاقی تعلیمی بورڈ خود انعقاد کر وائے، اس سلسلے میں ہماری بات چیت کیمبرج سے چل رہی ہے، آخر میں انہوں نے فیڈرل بورڈ کو بروقت نتائج کے اعلان پر مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں