تعلیمی اداروں کے قریب پان،

سگریٹ و شیشے کی فروخت فوری روکنے کی ہدایت

منگل 19 ستمبر 2017 15:06

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2017ء) حکومت نے صوبہ بھر کے تمام شہروں میں سکولز ، کالجز و دیگر تعلیمی اداروں کے قریب پان، سگریٹ اور شیشے ( خاص حقہ ) کے سٹالز فوری طور پر ختم کروانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تعلیمی ادا روں کی 100میٹر کی حدود میں اس قسم کا کوئی سٹال قائم نہ ہونے دیا جائے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس ضمن میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کی جانب سے بھی تمام اضلاع کے پولیس افسران کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ مذکورہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کروائیں تاکہ طلباء کو پان، سگریٹ اور شیشے کی لت میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکے۔

انہوںنے کہا کہ اگر دوران چیکنگ کسی تعلیمی ادارے کے قر ب و جوار میں اس قسم کی سرگرمی پائی گئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان کو بھی ہدائت کی گئی ہے کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں کے ارد گرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور اگر کسی جگہ پر ایسا کوئی سٹال پایا جائے تو اس کی اطلاع فوری طور پرقریبی پولیس کو دی جائے۔

دریں اثناء سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد نے بھی پولیس افسران وملازمین کو شیشہ کلبوں کی سر گرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے کہ اور کہا ہے کہ ایسے کلبوں میں آنیوالے شہریوں خاص کر نوجوان نسل اور پریمی جوڑوں کی حرکات و سکنات کا بھی بغور جائزہ لیا جائے تاکہ غیر اخلاقی حرکات سمیت نوجوان نسل کو مہلک امراض میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں