اپر دیر: فوجی چیک پوسٹ پولیس کے حوالے ،

تلاشی عمل کیلئے پولیس اہلکار تعینات

بدھ 2 مئی 2018 14:57

اپر دیر: فوجی چیک پوسٹ پولیس کے حوالے ،
اپر دیر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع اپر دیر میں اخگرام فوجی چیک پوسٹ کو پولیس کے حوالے کرتے ہوئے وہاں تلاشی کے عمل کے لیے پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے۔خیال رہے کہ اخگرام اپر دیر جانے کے لیے ایک راستہ ہے، جہاں تقریبا 9 برس سے چیک پوسٹ موجود تھی۔فوجی حکام کی جانب سے چیک پوسٹ کی ذمہ داری پولیس کے سپرد کرنے کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں پاک فوج کے کیپٹن حمزہ اور پولیس کے ایس ایچ او مزوم خان سمیت علاقے کے عمائدین نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ ایک ماہ قبل پاک فوج کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ مالاکنڈ ڈویژن کی چیک پوسٹس کو سول انتظامیہ کے حوالے کردیا جائے گا، اس سلسلے میں گزشتہ ماہ تیمرگرہ میں ایک رسمی تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں اپر اور لوئر دیر کے منتخب نمائندے، عمائدین، امین کمیٹی کے رضاکار بھی شریک ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

اس تقریب میں مالاکنڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ( جی او سی ) میجر جنرل عامر اعوان نے متعلقہ دستاویزات کمشنر مالاکنڈ ظہیر الاسلام کے حوالے کیے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی اور سی نے کہا تھا کہ سول انتظامیہ اور پولیس میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ اپر اور لوئر دیر میں چیک پوسٹس پر مکمل طریقے سے تلاشی کرسکیں، لہذا فوجی حکام نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ چیک پوسٹس کو سول انتظامیہ کے حوالے کرے اور جوان سرحد پر توجہ مرکوز رکھ سکیں۔دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ چیک پوسٹس پر سیکیورٹی کے فرائض سنبھالیں گے، تاہم ابتدائی طور پر اسکاٹس وہاں موجود ہوں گے لیکن بعد میں انہیں ہٹا دیا جائے گا۔۔

متعلقہ عنوان :

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں