چھوٹا چور جیل میں اور بڑے چور کو40گاڑیوں کا پروٹوکول ملتا ہے، عمران خان

جمعہ 27 اکتوبر 2017 17:03

چھوٹا چور جیل میں اور بڑے چور کو40گاڑیوں کا پروٹوکول ملتا ہے، عمران خان
دیر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آج چھوٹا چور جیل میں اور بڑے چور کو40گاڑیوں کا پروٹوکول ملتا ہے، ڈاکوئوں میں ایک طرف زرداری اور دوسری طرف نواز شریف ہیں، وزیراعظم اور وزراء کرپشن کرتے ہیں تو قوم کو مقروض بنا دیتے ہیں، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کا کیا میرٹ، ہم وہ نظام لے کر آئیں گے جسے نبیؐ نے بنایا تھا، جو آدمی سینما کا ٹکٹ بلیک میں بیچتا رہا وہ ملک کیسے چلا سکتا ہے، (ن)لیگ میں نواز شریف کے بعد کیا ان کی بیٹی کے علاوہ اور کوئی نہیں،اداروں میں میرٹ پر لوگ آئیں تو پاکستان آگے نکل جائے گا۔

وہ جمعہ کو اپر دیر میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ قانون ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ کے لئے بھی ایک ہی ہونا چاہیے، آج چھوٹا چورجیل میں اور بڑے چور کو40گاڑیوں کا پروٹوکول ملتا ہے،جیلوں میں چھوٹے چوروں کی چوری ملا لیں تو مئے فیئر محل کے برابر ہو، آنے والے دنوں میں نیا پاکستان آپ کیلئے بنے گا، اللہ کی برکت کبھی اس قوم پر نہیں آتی جہاں ظلم ہو، جہاں عدل و انصاف کا نظام ہو وہاں اللہ کی برکت ہوتی ہے، قانون کمزور اور طاقتور کیلئے ایک ہونا چاہیے، ملک کے بڑے ڈاکوئوں میں ایک طرف زرداری اور دوسری طرف نواز شریف ہیں، 2008میں ہر پاکستانی پر 35ہزار روپے قرض تھا آج ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 20ہزار روپے قرضہ ہو چکا ہے، وزیراعظم اور وزراء کرپشن کرتے ہیں تو قوم کو مقروض بنا دیتے ہیں، آئی ایم ایف سے قرضہ لے کر ٹیکس لگایا جاتا ہے جس سے مہنگائی بڑھتی ہے،م وہ نظام لے کر آئیں گے جسے نبیؐ نے بنایا تھا،ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں پیسہ عوام پر خرچ ہو اور روزگار ملے، کرپشن پر قابو پایا تو بیرون ملک پاکستان زیادہ پیسہ بھیجیں گے، بیرون ملک سے پیسہ آنا شروع ہوا تو قرضہ لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی، انشاء اللہ باہر سے لوگ پاکستان میں نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے،نئے پاکستان میں میرٹ کا نظام لے کر آئیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میری قیادت میں 24میں سے 20میچ پاکستان جیتا،اداروں میں میرٹ پر لوگ آئیں تو پاکستان آگے نکل جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کا کیا میرٹ ہے، بلاول بھٹو کو اردو بھی ٹھیک سے بولنا نہیں آتی، جس نے زندگی میں کام نہ کیا وہ کیسے ملک کی سربراہی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو آدمی سینما کا ٹکٹ بلیک میں بیچتا رہا وہ ملک کیسے چلا سکتا ہے، (ن)لیگ میں نواز شریف کے بعد کیا ان کی بیٹی کے علاوہ اور کوئی نہیں۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں