سینیٹر سراج الحق نے چھ ستمبر کو لاکھوں نوجوانوں کو سڑکوں پر لانے اوران سے دفاع پاکستان کیلئے عہدلینے کا اعلان

ٹرمپ کو لاکھوں نوجوان واضح طور پر پیغام دینگے کہ ہمیں امریکی غلامی کسی بھی صورت قبول نہیں،پاکستان کے دفاع کیلئے پوری قوم متحد ہے،ٹرمپ کی پاکستان کو دھمکیاں در اصل ہمارے بزدل حکمرانوں کی داخلہ و خارجہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے ،افغانستان میں شکست کھانے والا امریکہ کس منہ سے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے،عید کے بعدنئے جوش و ولولے سے کرپشن کے خلاف ایک نئے تحریک کا آغاز کررہے ہیں ،ہم پاکستان کو کرپشن سے پاک پاکستان بنائینگے،ایمان تقویٰ جہاد فی سبیل اللہ کا ماٹو رکھنے والی پاکستانی بہادر فوج سے لڑنا امریکہ کی بس کی بات نہیں امیر جماعت اسلامی کا اپر دیر براول میں بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب

منگل 29 اگست 2017 22:14

سینیٹر سراج الحق نے چھ ستمبر کو لاکھوں نوجوانوں کو سڑکوں پر لانے اوران سے دفاع پاکستان کیلئے عہدلینے کا اعلان
دیر بالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 اگست2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے چھ ستمبر کو لاکھوں نوجوانوں کو سڑکوں پر لانے اوران سے دفاع پاکستان کیلئے عہدلینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کو لاکھوں نوجوان واضح طور پر پیغام دینگے کہ ہمیں امریکی غلامی کسی بھی صورت قبول نہیں،پاکستان کے دفاع کیلئے پوری قوم متحد ہے،ٹرمپ کی پاکستان کو دھمکیاں در اصل ہمارے بزدل حکمرانوں کی داخلہ و خارجہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے ،افغانستان میں شکست کھانے والا امریکہ کس منہ سے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے،عید کے بعدنئے جوش و ولولے سے کرپشن کے خلاف ایک نئے تحریک کا آغاز کررہے ہیں ،ہم پاکستان کو کرپشن سے پاک پاکستان بنائینگے،ایمان تقویٰ جہاد فی سبیل اللہ کا ماٹو رکھنے والی پاکستانی بہادر فوج سے لڑنا امریکہ کی بس کی بات نہیں ۔

(جاری ہے)

منگل کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپر دیر براول میں ایک بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جلسہ عام میں مقامی نمائندوں سمیت سینکڑوں عمائدین نے مختلف پارٹیوں سے مستغفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوامشتاق احمد خان ،سینیئر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان ،ضلعی ناظم دیر صاحبزدہ فصیح اللہ ،تحصیل ناظم جان عالم خان نے بھی خطاب کیا سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ چھ ستمبر کو ہم کراچی سے چترال تک لاکھوں نوجوانوں کو سڑکوں پر لاکر ٹرمپ اور اسکے حواریوں کو واضح پیغام دینگے کہ ہم اپنی دھرتی کی حفاظت کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ہم اپنی دھرتی کی خاطرپاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے اور مرنے کیلئے تیار ہیں لیکن ٹرمپ اور اسکی حواریوں کی غلامی کیلئے تیار نہیں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ انہیں کس جرم کی سزاملی ہی تو ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ انہیں اللہ اور اسکے رسولﷺ کے ساتھ اعلان جنگ اور بغاوت کی سزا ملی ہے ،انہوں نے روضہ رسولﷺ کے سامنے میرے ساتھ وعدہ کیا کہ پاکستان جاکر ہم سودی نظام کا خاتمہ کرینگے لیکن پاکستان آکر جب ہم نے سودی نظام کے خاتمے کیلئے رٹ دائر کی تو انہوں نے ہمارے وکلاء کے مقابلے میں سودی نظام کی تحفظ کیلئے اپنے وکلاء کی ٹیم لاکر مقابلہ شروع کیا تو ہم پوچھتے ہیں کہ جو شخص اللہ اور اسکے رسول ﷺ کے ساتھ اعلان جنگ کرے تو وہ کیسے فلاح پاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ کہا کہ جماعت اسلامی جس مقصد کیلئے قائم ہوئی تھی اسی مقصد کی خاطر زندگی کے آخری لمحے تک اس مقصد کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے،نواز شریف کو اپنے کئے کی سزاء مل رہی ہے ،ان کی جگہ جیل تھی لیکن سپریم کورٹ نے انہیں گھر بھیج دیا ،ہماری تحریک احتساب جاری ہے اور ملکی خزانے کی لوٹی ہوئی رقوم کو بیرونی ممالک سے اپنے ملک لانے تک یہ تحریک جاری رہیگی، کچھ لوگ آئین کی دفعہ باسٹھ تریسٹھ کو نکالنے کے لیے آئین پر خود کش حملہ کرنا چاہتے ہیں مگر قوم ایسے حملوں کی مزاحمت کرے گی اور کسی کو اپنی کرپشن چھپانے اور نااہلی سے بچنے کی لیے آئین سے کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دے گی ۔

باسٹھ تریسٹھ پاکستان کی سا لمیت ، بقا اور ملی وحدت کی ضمانت ہے ۔ جو لوگ ان دفعات کوآئین سے نکالناچاہتے ہیں وہ در اصل پاکستان کی سا لمیت کو تباہ اور قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی احتساب سب کا تحریک لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی تک جاری رہے گی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کرپٹ ٹولہ اپنی کرپشن کو چھپانے اور چور لٹیروں کو ایوانوں تک پہنچنے کا رستہ دینے کے لیے متفقہ آئین سے ملک و قوم کو محروم کرنے کی سازشیں کر رہاہے لیکن قوم آئین پر کسی خود کش حملے کو برداشت نہیں کرے گی اور آئین کے تحفظ کے لیے ہم بھر پور مزاحمت کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک و قوم اندرونی و بیرونی دشمنوں سے نبردآزما ہے ایک طر ف ٹرمپ پاکستان کو دھمکیاں دے رہاہے اور دوسری طرف کچھ لوگ پاکستان کی سلامتی اور بقا اور قومی یکجہتی کے ضامن آئین کو اپنی خواہشات کی بھینٹ چڑھاناچاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی قوم ٹرمپ کی دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں ۔ امریکہ افغانستان سے بری طرح ناکام و نامراد ہو کر نکلے گا اور وہ وقت قریب آن پہنچا ہے کہ دنیا امریکہ کی یک محوری قوت کے سحر سے آزاد ہونے والی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خطے میں بھارت کی تھانیداری قائم کرنے کا امریکی خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا ۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں