اہل اور دیانتدار قیادت کل ملک کی اولین ضرورت ہے ،کرپشن سے پاک قیادت ہی موجودہ چیلنجز سے نبٹ سکتی ہے جماعت اسلامی کی قیادت کرپشن سے پاک ہے اور عوامی مسائل کے حل کی صلاحیت رکھتی ہے

صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان کا شمولیتی تقریب سے خطاب

منگل 15 اگست 2017 19:50

دیر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اگست2017ء) سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈرجماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ اہل اور دیانتدار قیادت کل ملک کی اولین ضرورت ہے کرپشن سے پاک اور دیانت دار قیادت ہی موجودہ چیلنجز سے نبٹ سکتی ہے ،جماعت اسلامی کرپشن سے پاک جماعت ہے اور جماعت اسلامی کی قیادت عوامی مسائل کے حل کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

وہ بروز منگل دیر بالا میں پی پی پی اور دیگر جماعتوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میںشامل ہونے پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر پی پی پی دیر کے نائب صدر ڈاکٹر انتخاب عالم ، ڈاکٹر نور حبیب ، غلام حبیب ، یوسف حبیب ، گل بادشاہ اور دیگر ساتھیوںنے مستعفی ہو کر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب سے ضلع ناظم دیر بالا صاحبزادہ فصیح اللہ ، تحصیل ناظم میر مخزن الدین اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔

عنایت اللہ نے کہاکہ ،2018کے انتخابات کے مراحل کا آغاز ہوگیا ہے۔تمام سیاسی جماعتیں اپنی باریاں لے چکی ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں نے قوم کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے ۔ جماعت اسلامی کے پاس ملک بھر میں منظم متحرک اور فعال کارکنان کی بڑی قوت موجود ہے ۔ جماعت اسلامی کو قومی ومقامی اداروں میں جب بھی موقع ملا جماعت اسلامی کی قیادت سرخرو ہوئی ہے اور عوام کے اعتماد پر ہمیشہ پوری اتری ہے ۔

جماعت اسلامی ہی عوا م کے لیے بہترین متبادل قوت ہے اور اب کوئی سازشیں اور منفی پروپیگنڈا جماعت اسلامی کو متبادل قوت بننے سے نہیں روک سکتا ۔جو لوگ بند گلی سے نکل کر کھلی شاہراہ پر آنا چاہتے ہیں ۔ ان کے لیے جماعت اسلامی کے دروازے کھلے ہیں ۔ڈاکٹر انتخاب عالم ، ڈاکٹر نورحبیب اور دیگر ساتھیوں کے آنے سے جماعت اسلامی کے قوت میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔خوش آمدید کہتے ہیں۔ سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی منظم ترین اور جمہوریت میں سب سے پہلے درجے کی جماعت ہے ۔قوم نے ہمیں بار بار آزمایا ہے اور امانت و دیانت کے میدان میںہمارے دامن پر کوئی داغ نہیں ہے ۔انہوںنے کہا کہ دیر کی ترقی کے لیے تمام وسائل برئوے کار لائیںگے ۔

متعلقہ عنوان :

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں