ایم این اے عائشہ سید کا دیر لوئر میں 60فیصد سے زیادہ خواتین کا ووٹر لسٹوں میں اندراج نہ ہونے پر اظہار تشویش

آگاہی مہم چلانے پر زوردیا اور خواتین کے حقوق کیلئے اسمبلی فلور پر آواز بلند کرنے کا اعلان کر دیا، اجلاس سے خطاب

جمعرات 20 جولائی 2017 19:33

لوئر دیر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) جماعت اسلامی کی خاتون رکن قومی اسمبلی عائشہ سید کا دیر لوئر میں کم خواتین ووٹر کے اندراج پر اظہار تشویش،آگاہی مہم چلانے اور خواتین پولنگ اسٹیشن کے مسائل حل کرنے پر زور،خواتین کے حقوق کے لئے اسمبلی فلور پر آواز بلند کرنے کا اعلان کر دیا،جمعرات کو وہ مقامی ہوٹل میں دیر لوئر کے ورکنگ وومن کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے عائشہ سید نے دیر لوئر میں 60فیصد سے زیادہ خواتین کا ووٹر لسٹوں میں اندراج نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن فی الفور خواتین ووٹر کے اندراج کے لئے عملی اقدامات اٹھائے اور خواتین میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے خصوصی مہمات چلائے انھوں نے کہا کہ خواتین کے لئے علیحدہ پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں تاکہ خواتین اسانی اور آزادی سے اپنی حق رائے دہی کا استعمال یقینی بنالیں انھوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی کوششوں سے دیر لوئر میں باقی ماندہ ملاکنڈ ڈویژن سے زیادہ خواتین تعلیمی ادارے بن چکے ہیں اور مزید کی منظوری لی جاچکی ہے جس پر عنقریب کام کا آغاز ہوگا جس سے خواتین کے تعلیم میں مزید بہتری ائے گی انھوں نے کہا کہ میری کوششوں سے وفاقی حکومت نے سوات میں عائشہ سید وومن یونیورسٹی منظور کی ہے جس کے لئے باقاعدہ طور پر فنڈز کا اجراء کیا گیا ہے انھوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے لئے اسمبلی فلور پر مسلسل آواز بلند کی ہے اور ریکارڈ تعداد میں خواتین کے حقوق کے لئے متعدد بلز منظور کئے ہیں حکومتی سطح پرخواتین کے فلاح وبہبود کے لئے کوئی جامع منصوبہ بندی نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے خواتین کے مسائل میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملاکنڈ ڈویژن میں 15ہزار سے زیادہ بچے یتیم ہوئے ہیں لیکن ان کے لئے ملاکنڈ ڈویژن میں کوئی ادارہ نہیں انھوں نے حکومت سے اپیل کہ یتیم بچوں کی کفالت کے لئے ملاکنڈ ڈویژن میں سویٹ ہوم جیسے ادارے بنائے جائیں انھوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امہات المومنین ہمارے لئے مشعل راہ ہے ہمیں چاہیئے کہ ان کی طرز زندگی پر عمل کرکے دنیاوی اور اخروی کامیابی حاصل کرئے ایم این اے عائشہ سید نے حکومت سے اپیل کہ وہ ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں خدمات انجام دینے والی دور دراز علاقوں سے انے والی خواتین کے لئے ماڈل ہائوس سکیمز متعارف کرائے تاکہ ان خواتین کو گھر سے دوری کا احساس نہ ہو اور وہ دلجمعی سے اپنے خدمات انجام دیں انھوں نے اس سلسلے میں اعلیٰ حکام کے ساتھ معاملہ اٹھانے کی یقین دہانی کرائی،قبل ازیں ریسٹ ہائوس تیمرگرہ میں ضلعی الیکشن کمشنر نور سعید خان خٹک کے ساتھ ملاقات میں ایم این اے عائشہ سید نے ان پر زور دیا کہ وہ ووٹر لسٹوں میں خواتین ووٹر کے اندراج کے لئے ہر ممکن کوشش کرئے اور اس سلسلے میں آگاہی مہم چلائے نور سعید خان خٹک نے اس موقع پر خواتین ووٹر کے اندراج کے لئے ان کو اپنی کوششوں سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں