جماعت اسلامی واحد سیاسی جماعت ہے جس کا ظاہر و باطن جمہوری اقدار پر مبنی ہے،جماعت اسلامی خیبر پختونخواکو حقیقی ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کرنے کی بھرپو ر صلاحیت رکھتی ہے،جے آئی الیکشن میں ایرے غیر ے لوگوں کو ٹکٹ سے نہیں نوازتی بلکہ الیکشن میں باکردار،تعلیم یافتہ اور دیانتدار نمائندوں کو سامنے لاتی ہے تاکہ وہ عوام کی بے لوث اور بلا تفریق خدمت کرسکیں

خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ کاشمولیتی تقریب سے خطاب

جمعہ 30 دسمبر 2016 20:24

دیربالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 دسمبر2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی واحد سیاسی جماعت ہے جس کا ظاہر و باطن جمہوری اقدار پر مبنی ہے اور وہ خیبر پختونخواکو حقیقی ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کرنے کی بھرپو ر صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جے آئی الیکشن میں ایرے غیر ے لوگوں کو ٹکٹ سے نہیں نوازتی بلکہ الیکشن میں باکردار،تعلیم یافتہ اور دیانتدار نمائندوں کو سامنے لاتی ہے تاکہ وہ عوام کی بے لوث اور بلا تفریق خدمت کرسکیں۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گندیگار دیر بالا میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقے کے ممتاز شخصیات میاں علی اکبر،میاں رشید، محمد حیات ،میاں سیال احمد، میاں کاشف، میاں وقاص، میاں شیر ،میاں شعیب اللہ اور میاں عبید نے پاکستان پیپلز پارٹی سے اپنا 25سالہ رفاقت توڑ کر جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر نے نئے ساتھیوں کو جماعت میں شامل ہونے پر مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ ہمیں دیر بالا کے تمام مسائل کا بخوبی ادراک ہے اور ہنگامی بنیادوں پر ان کے حل کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ شفافیت ہمار ا ہی طرہ امتیاز ہے اور کرپشن کا خاتمہ جماعت کا نعرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے دیرینہ اورجائز مسائل حل کرکے دم لینگے اس لئے دیر بالا کی ترقی کیلئے دس سالہ ترقیاتی پیکج تیار کیا گیا ہے تاکہ دیر بالا کی پسماندگی دور کرکے اسے بھی دیگر ترقیافتہ علاقوں کے ہم پلہ لایا جاسکے۔عنایت اللہ نے کہا کہ نعروں اور جھوٹے دعووں کا دور گزر چکا ہے اور عوام عملی کام پر یقین رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ عوام نے دیر میں جماعت اسلامی کو بھاری مینڈیٹ سے نوازا اور ہم ثابت کرکے دکھائیں گے کہ دیر بالا میں ترقیاتی سکیمیں مثالی انداز میں مکمل ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ دیر بالا میں انجینئر نگ یونیورسٹی اور میڈیکل کالج قائم کرکے علاقے میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھولی جائیں گی۔سینئر وزیر نے کہا کہ موجودہ مخلوط حکومت نے مثالی قانون سازی کے علاوہ پشاور کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دی اور پشاور بیوٹی فیکیشن پر اجیکٹ کیلئے 20ارب روپے مختص کئے ہیں جس میں زیادہ تر سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ کروڑوں روپے کی لاگت سے شہر کے مختلف سڑکوں پر لائٹس نصب کئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جی ٹی روڈ پر پودے لگاکر خوبصورت ترین گرین بلٹس بنائے گئے ہیں اسی طرح ایم ایس پی پراجیکٹ کے تحت نکاس آب کے جدید منصوبے پر کام جاری ہے جبکہ یکم جنوری 2017سے پشاور شہر میں صفائی مہم شروع کرکے گرین اینڈ کلین پشاور کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور صفائی مہم کو دیگر اضلاع تک بھی وسعت دی جائے گی اور اس ضمن میں تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوام میں صفائی مہم کا شعور اجاگر کریں۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں