مشکل کی گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ٗ امداد چیکوں کی تقسیم کا عمل شروع ہو چکا ہے ٗ (کل)کیش ہو جائینگے ٗ وزیر اعظم

پیر 2 نومبر 2015 17:45

خار /تیمر گرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 نومبر۔2015ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ایک بار پھر کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ٗ امداد چیکوں کی تقسیم کا عمل شروع ہو چکا ہے ٗ (کل)کیش ہو جائینگے ٗ بھرپور سر دی سے پہلے متاثرین کے گھروں کی تعمیر مکمل کر نے کی کوشش کرینگے ٗ امدادی رقم قیمتی جانوں کا نعم البدل نہیں ٗ متاثرین کی مشکلات کم کر نے کی کوشش کررہے ہیں ۔

وہ تیمر گرہ اور باجوڑ کی تحصیل خار میں زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی رقوم کے چیک تقسیم کر نے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور وزیراعظم کے مشیر امیر مقام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

خار میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ زلزلے نے مکانوں کو تباہ کیا ہے اور زلزلے سے بہت سے لوگ اﷲ تعالیٰ کو پیارے ہو چکے ہیں جس کا ہمیں بہت دکھ ہے ہماری دعا ء اﷲ تعالیٰ دنیا سے رخصت ہونے والے تمام افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ جگہ عطا فرمائیں ورثاء اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائیں اﷲ تعالیٰ لواحقین کو صدمہ برداشت کر نے کی توفیق عطا فرمائیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ کئی گھر مکمل طورپر تباہ ہوئے اور کئی جزوی طورپر تباہ ہوئے ہیں ان کیلئے باقاعدہ پلان بنالیا ہے جس کے بعد آپ کے پاس آئے ہیں انہوں نے کہاکہ جہاں جہاں تباہ ہوئی ہے ان علاقوں میں متاثرین کو امداد چیک کے ذریعے دی گئی ہے یہ کام ہم بہت جلد مکمل کر نا چاہتے تھے تاہم اب پندرہ دنوں تک مکمل ہو گا ہماری خواہش ہے بھرپور سردی سے پہلے گھر وغیرہ تعمیر ہو جائیں انہوں نے کہاکہ گور نر سردار مہتاب خان عباسی نے خاص طورپر دلچسپی لے رہے ہیں انہوں نے کہاکہ جو چیک ملے ہیں وہ (آج) بدھ کوکیش ہو جائیں گے چیک کے بدلے میں نقد رقم ملے گی اور اس کا اہتمام کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جانی نقصان کم ہے اﷲ تعالیٰ نے کرم کیا ہے جو جائیداد کا نقصان ہوا ہے انشاء اﷲ اسے پورا کر نے کی کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ زلزلہ سے بہت غریب لوگ متاثر ہوئے ہیں انہوں نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ٗ گور نر خیبر پختون خوا ٗ فوج کے افسران اور جوانوں کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے جوان سروے نہ کرتے تو ہم چیک بھی تقسیم نہ کر پاتے یہ کام شروع ہو چکا ہے اور اسے بہت جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا ۔

انہوں نے کہاکہ آپ لوگوں کے حوصلے اور ہمت کی امداد دیتے ہیں ہم بھی مشکل وقت میں آپ کے ساتھ ہیں شانہ بشانہ کھڑے ہیں انہوں نے کہاکہ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ متاثرین اپنے گھروں میں جلد سے جلد تعمیر کر یں ۔تیمر گرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے زلزلہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ امدادی رقم قیمتی جانوں کا نعم البدل یا معاوضہ نہیں بلکہ اس کا مقصد ان کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی مشکلات کے پیش نظر انہیں فوری ریلیف دینے کے لئے انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ شدید سردی کے پیش نظر متاثرین کو مکانات کی جلد تعمیر کے لئے رقم مہیاء ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی پیکج وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ مل کر طے کیا گیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ زلزلہ سے متاثرہ ہر فرد تک جلد از جلد امداد پہنچے۔ انہوں نے تمام متاثرین کو خیمے، خوراک، کمبل اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے بھرپور امدادی سرگرمیوں پر پاک فوج، صوبائی حکومت اور دیگر حکومتی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں