پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے اہل کشمیر کے لہوکاآخری قطرہ بھی حاضرہے،چودھری عبدالمجید

بھارت کے تمام مذموم عزائم ناکام ہونگے، ہندوستانی ایجنسیاں پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں،پنی بہادرمسلح افواج پاکستان کوخراج تحسین اور انھیں مبارکباد پیش کرتے ہیں،کشمیرکابچہ بچہ پاک فوج کا بلاتنخواہ سپاہی ہے،وزیراعظم آزادکشمیر کاچکسواری میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب

اتوار 6 ستمبر 2015 17:05

چکسواری(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ پاکستان اہل کشمیرکے ایمان کاحصہ ہے، پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے اہل کشمیر کے لہوکاآخری قطرہ بھی حاضرہے، بھارت پاکستان کا کھلادشمن ہے جو پاکستان کے معاشی وسیاسی عدم استحکام پیداکرنے میں بین الاقوامی سازشوں میں ملوث ہے اور اقتصادی راہداری ناکام بنانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے کررہاہے ، بھارت کے تمام مذموم عزائم ناکام ہونگے، پاکستان مذید مستحکم اور خوشحال ہوگا، ہندوستانی ایجنسیاں پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں ہم اپنی بہادرمسلح افواج پاکستان کوخراج تحسین اور انھیں مبارکباد پیش کرتے ہیں جنھوں نے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑا ،مسلح افواج پاکستان کشمیریوں کی عزت ناموس کی محافظ ہے۔

(جاری ہے)

آزادکشمیرپاکستان کا دفاعی حصارہے کشمیرکابچہ بچہ پاک فوج کا بلاتنخواہ سپاہی ہے، آج آزادکشمیرمیں یوم دفاع پوری ملی بیداری کے ساتھ منایاجارہاہے اور مقبوضہ کشمیرکے عوام بھی پاکستان کی محبت میں پاکستانی پرچم لہرارہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ کشمیرپاکستان کا نامکمل ایجنڈاہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان کاحصہ ہے۔

کشمیریوں کی یہ تحریک کامیاب ہورہی ہے اور اس تحریک کو روکانہیں جاسکتا۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے بے نظیربھٹوشہیدگورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چکسواری میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پرمنعقدہ بہت بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزیرہائیرایجوکیشن محمدمطلوب انقلابی، وزیراعظم کے میڈیاایڈوائزر یاسرممتاز چوہدری ، سیکرٹری ہائیرایجوکیشن محمود خان، چیئرمین وویمن کمیشن نبیلہ ایوب، کالج کی پرنسپل سیدہ فرزانہ انجم باری اور علاقہ کی ممتاز شخصیت چوہدری سوارخان نے بھی خطاب کیا۔

کالج کی طالبات نے کشمیرکے حوالے سے ٹیبلوپیش کیے جبکہ اس موقع پروزیراعظم کے صاحبزادے چوہدری قاسم مجید، ڈپٹی کمشنرچوہدری محمدطارق، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم،ایڈمنسٹریٹرضلع کونسل چوہدری مشتاق احمد،ڈی پی آئی کالج محترمہ شاہین عشائی، ڈویژنل ڈائریکٹرکالجز محترمہ انجم افشاں نقوی، ڈپٹی ڈائریکٹرکالجز پروفیسرطاہرفاروق، چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر ظہیر چوہدری، سیکرٹری تعلیمی بورڈ پروفیسرشاہدمرزا، پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنماچوہدری ندیم روپیال، وزیراعظم کے اے پی ایس او چوہدری امجداقبال، سٹاف آفیسر چوہدری محمود علی کے علاوہ ماہرین تعلیم، پروفیسرحضرات،سول سوسائٹی، ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے افسران اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے بٹل اور نکیال سیکٹرمیں بھارتی گولہ باری کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کے جارحانہ اقدامات عالمی جنگ کودعوت دے رہے ہیں۔ امن پسند دنیاکوبھارت کے جنوبی حکمرانوں کے ناپاک عزائم کانوٹس لینا چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ بھارت کے مقبوضہ کشمیرمیں جارحانہ اورجابرانہ ہتھکنڈوں نے برصغیرکے امن کویرغمال بنائے رکھاہے جس سے دوارب انسانوں کی زندگیاں داؤپرلگی ہوئی ہیں۔

امن پسند دنیابرصغیرمیں امن اورخوشحالی کے لیے کشمیریوں کی مرضی کے مطابق مسئلہ کشمیرحل کروائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کشمیری مسئلہ کشمیرکے اصل فریق ہیں۔ کشمیریوں کی شمولیت کے بغیرپاک بھارت مذاکرات بے معنی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کشمیرایشو کے حوالے سے اصولی موقف اپنایاجس سے کشمیرکاز کوتقویت ملی۔

جس پرکشمیری ان کے شکرگزارہیں۔انھوں نے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی موجودہ حکومت مقبوضہ کشمیرمیں جاری تحریک کی کامیابی کے لیے حریت قیادت کے اعتماد سے موثر کرداراداکررہی ہے۔ کشمیری شہداء کالہورنگ لائے گااور آزادی کشمیریوں کامقدربنے گی۔وزیراعظم نے شہداء پاکستان، شہداء کشمیراوروطن کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کوسلام پیش کیااور انھیں یقین دلایاکہ وطن کے دفاع کے لیے کشمیری بھی ان کے شانہ بشانہ ہیں جو کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

وزیراعظٖم نے کہاکہ حکومت آزادکشمیرمیں تعلیمی انقلاب کے ذریعے یہاں معاشی خوشحالی لانے کے لیے اہم اقدامات اٹھارہی ہے جس سے خطہ کے ہرفرد کوتعلیم کی سہولت ان کی دہلیز پرمل رہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرکے تین میڈیکل کالجزاورپانچ یونیورسٹیوں کے علاوہ مزید یونیورسٹیاں اورکالجز بنائیں گے اورہماری حکومت تعلیمی انقلاب سے خطہ کے لوگوں کی خدمت کے لیے کوشاں ہے۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں