بھارتی حکمران سیز فائرلائن پرآباد سویلین آبادی پرگولہ باری کرنے سے باز رہیں‘چوہدری عبدالمجید

بھارت کے بزدل حکمران ایل او سی پرنہتے شہریوں کوجارحیت اورگولیوں کا نشانہ بناکران کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے‘وزیراعظم آزاد کشمیر

پیر 17 اگست 2015 13:31

چکسواری(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے نکیال اور کھوئیرٹہ سیکٹرمیں بھارتی افواج کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے بھارتی حکمرانوں کوخبردارکیاکہ وہ سیز فائرلائن پرآباد سویلین آبادی پرگولہ باری کرنے سے باز رہے۔ بھارت کے بزدل حکمران ایل او سی پرنہتے شہریوں کوجارحیت اورگولیوں کا نشانہ بناکران کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے۔

وزیراعظم نے بھارتی فائرنگ کے نتیجہ میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ انھوں نے مقبوضہ کشمیراور سیز فائرلائن پربھارتی فائرنگ کے خلاف اقوام متحدہ کے دوہرے معیار پرشدید غصہ کااظہارکرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاکہ وہ ایل او سی پرآباد سویلین آبادی کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانھوں نے اپنے حلقہ انتخاب کے دورہ کے دوران مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایڈمنسٹریٹرضلع کونسل چوہدری مشتاق احمد، ڈی جی منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری ذوالفقاراعظم، ایڈمنسٹرٹرٹاؤن کمیٹی چوہدری خالد حسین، پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنماچوہدری ندیم روپیال، وزیراعظم کے میڈیاایڈوائزر چوہدری یاسرممتازسمیت علاقہ کے دیگرمعززین بھی موجود تھے۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ سیز فائرلائن پرآبادشہری پاکستان کے بلامعاوضہ سپاہی ہیں ۔ سیز فائرلائن پرآباد شہری جس جرات اور بہادری سے بھارتی گولہ باری کاسامناکرکے جوقربانیاں دے رہے ہیں اس سے بھارت کوجان لیناچاہیے کہ وہ دہشت گردی اور جارحیت کرکے کشمیریوں کے حوصلوں کوپست نہیں کرسکتا۔ وزیراعظم نے حالیہ سیز فائرلائن پربھارت کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ اور اس کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے ورثاء سے پیغام میں شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوارخاندان کے بلند حوصلہ کوسلام پیش کیاجبکہ زخمی ہونے والوں کے خاندانوں سے بھی اپنی گہری ہمدردی کااظہارکیا۔

وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے کہاکہ بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں نے ایل او سی پرمسلسل جارحیت کا اتکاب کرکے خطہ کے امن کو یرغمال بنا رکھاہے۔انھوں نے امن پسند دنیاسے اپیل کی کہ وہ نوکلیئرایشیاء میں دوارب انسانوں کے مستقبل کومحفوظ بنانے کے لیے بھارت پردباؤڈالے اورمقبوضہ کشمیرکے عوام کوان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دلانے میں اپناکرداراداکریں۔

دریں اثناء وزیراعظم آزادکشمیرنے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی افواج کی طرف سے بڑھتے ہوئے انسانیت سوز مظالم اورریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کی منظم نسل کشی کی بھی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کی آٹھ لاکھ سے زائد پیراملٹری فورسز نے مقبوضہ کشمیرکو ملٹری کیمپ میں تبدیل کررکھاہے اوربھارتی فورسز کے ذریعے مقبوضہ کشمیرپرغاصبانہ تسلط کودوام دینے کے لیے کشمیریوں کاقتل عام شروع کررکھاہے۔وزیراعظم نے کہاکہ بھارت کامقبوضہ کشمیرپر غاصبانہ تسلط جلد ختم ہوکررہے گابھارت کو مقبوضہ کشمیرآزادکرناپڑے گا۔

متعلقہ عنوان :

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں