پاکستان اللہ کا عظیم عطیہ ہے ،ہماری محرومیوں کا سبب کرپٹ حکمرانوں کی لوٹ مارہے، ہم ملک میں جو تبدیلی لانا چاہتے ہیں وہ محض چہروں کو بدل دینے سے ممکن نہیں اس کے لیے پورا نظام تبدیل کرنا ہوگا، عوام کی تائید سے کرپٹ نظام کو بدلنا چاہتے ہیں ، بلدیاتی انتخابات میں کرپٹ جماعتوں کے نمائندوں کا خاتمہ ہوگا

سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان کا اجتماع سے خطاب

پیر 6 اپریل 2015 20:03

دیر بالا( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء ) سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کا عظیم عطیہ ہے اس سرزمین کو اللہ نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے ۔ ہماری محرومیوں کا اصل سبب اللہ سے بغاوت اور کرپٹ حکمرانوں کی لوٹ مارہے ۔ اس کرپشن میں ہر وہ شخص حصہ دار ہے جو ان حکمرانوں کو اپنا ووٹ دیتاہے ۔

ہم اس ملک میں جو تبدیلی لانا چاہتے ہیں وہ محض چہروں کو بدل دینے سے ممکن نہیں اس کے لیے پورا نظام تبدیل کرنا ہوگا ۔ ہم عوام کی تائید سے اس گلے سڑے ، فرسودہ اور کرپٹ نظام کو بدلنا چاہتے ہیں ۔ لوٹ مار کرنے والے تمام طبقات کا محاسبہ ضروری ہے اور اس محاسبے کا عملاً فائدہ عوام اور پسے ہوئے طبقات کو پہنچے گا۔بلدیاتی انتخابات میں کرپٹ جماعتوں کے نمائندوں کا خاتمہ ہوگا۔

(جاری ہے)

وہ دیر بالا میں مختلف اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجتماعات سے قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم پاکستان کو خوشحال دیکھناچاہتے ہیں اور خوشحال پاکستان محض اسی وقت وجود میں آسکتاہے جب یہ اسلامی پاکستان ہو ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس سال انشاء اللہ ہر دروازے پر دستک دے کر اللہ اور رسول کا پیغام عوام تک پہنچائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی کیلئے کوشاں ہے اور جمہوری اور آئینی طریقے سے رائے عامہ کو ہموار کرکے ملک میں اسلامی انقلاب برپا کرنا چاہتی ہے۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں