متاثرین منگلاڈیم کے تمام مسائل حل ہوں گے مملکت پاکستان کے لیے کشمیری ہرمحاذ پر قربانیاں دیتے رہیں گے،چوہدری عبدالمجید

جمعہ 25 جولائی 2014 16:35

چکسواری( ‘اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ متاثرین منگلاڈیم کے تمام مسائل حل ہوں گے مملکت پاکستان کے لیے کشمیری ہرمحاذ پر قربانیاں دیتے رہیں گے۔ ملکی سلامتی استحکام اور سالمیت پہلی ترجیح ہے۔ مسلح افواج وزیرستان میں فوجی آپریشن کو کامیابی سے آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی وریلیف میں محاذ پربھی کام کررہی ہیں۔

جشن آزادی تقریبات کا آغاز مظفرآباد سے ہوگا جوتاریخی واقعہ ہے۔ " پاکستان زندہ باد ریلی" پاک دھرتی سے اظہارمحبت ہے ۔ میرپور کے لوگ ریلی میں قافلوں کی شکل میں شرکت کریں ۔ وہ گذشتہ روز چکسواری میں منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی کی طرف سے متاثرین منگلاڈیم کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنرسے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل چوہدری ذوالفقار اعظم نے کی جبکہ وزیرامورمنگلاڈیم محمدحسین سرگالہ، وزیرمال چوہدری علی شان سونی،وزیربحالیات عبدالماجد خان بھی موجود تھے۔

تقریب سے ڈائریکٹرجنرل منگلاڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری ذوالفقاراعظم ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی چکسواری حاجی خالد حسین، اولڈ متاثرین منگلاڈیم کے راہنماحاجی ذوالفقار ، چکسواری پریس کلب کے صدریاسر ممتاز نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری عامرذیشان جرال، وزیراعظم کے صاحبزادے چوہدری قاسم مجید، وزیراعظم کے سیاسی مشیرچوہدری حق نواز، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپورالحاج غلام رسول عوامی، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ڈڈیال خواجہ محمدنذیر، کمشنرمیرپورڈویژن سید ظہورالحسن گیلانی، کمشنرامورمنگلا ڈیم چوہدری محمدطیب، ڈی آئی جی ڈاکٹرخالد چوہان، ڈپٹی کمشنر چوہدری محمدطارق، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، چیف انجینئربرقیات راجہ اعجاز خان، ڈویژنل ہیڈکوارٹرہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرمشتاق احمدچوہدری، پیپلزپارٹی کے راہنما چوہدری ندیم روپیال، وزیراعظم کے پولیٹیکل کوارڈینیٹر چوہدری محمود علی، ایڈمنسٹریٹر خالق آباد میرزااعجاز بیگ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کاکڑہ راجہ محمدزبیرخان، ڈپٹی ڈائریکٹر احتساب بیورو راجہ عامر خان، متاثرین منگلاڈیم ،عوام علاقہ ، پریس نمائندگان، انجمن تاجراں کے علاوہ دیگرمکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ خدمت خلق ہمارامشن ہے خدمت کے لیے میرے سامنے کوئی علاقہ ضلع یابرادری نہیں پوری ریاست کے عوام کی بلاتخصیص خدمت نصب العین ہے۔بھارتی وزیراعظم مقبوضہ کشمیرآئے تو عوام نے ان کا استقبال نہیں کیاہرطرف خاموشی رہی، ہڑتال رہی اور بائیکاٹ کیاگیاہرطرف اندھیراتھا اس کے برعکس پاکستان کے وزیراعظم میاں محمدنواز شریف 10 اگست کو مظفرآباد تشریف لائیں گے تو ان کا تاریخی استقبال ہوگا۔

دنیاکو پتہ چلے گاکشمیری کس ملک کے ساتھ پیار کرتے ہیں۔ اس بارجشن آزادی تقریبات کا آغاز ریاستی دارالحکومت مظفرآباد سے ہوگا جو دنیابھر کے لیے ایک پیغام ہوگا۔ ریاست کے دیگراضلاع کی طرح میں میرپورکے لوگوں سے اپیل کروں گا کہ وہ " پاکستان زندہ باد ریلی" میں بھرپورشرکت کریں حکومت ان کی میزبانی کرے گی۔ پاکستان زندہ باد ریلی میں آزادکشمیر گلگت بلتستان سمیت 84 ہزارمربع میل پر بسنے والے لوگ یہ عہد کریں گے کہ وہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید جمہوریت محترمہ بے نظیربھٹو کے دفاع وطن فلسفہ کیمطابق اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔

ملکی ترقی وخوشحالی کے سفرمیں حکومت کے ساتھ ہیں آپ لوگ قافلوں کی صورت میں مظفرآباد ریلی میں شرکت کریں۔1947 میں پاکستان کے ساتھ ملنے کے لیے 3 لاکھ کشمیریوں نے جانی قربانیاں دیں۔ منگلاڈیم بناکر ہم نے پاکستان پرکوئی احسان نہیں کیاپاکستان ہماری ماں اور شناخت ہے اس لیے ہرطرح کی قربانیاں دیتے رہیں گے۔ شمالی وزیرستان کے اندرہماری افواج دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح وطن کا دفاع کررہی ہیں۔

ریاست کے لوگ پہلے کی طرح اب بھی اپنی بہادرافواج کیساتھ ہیں وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیرمیں ریلیف کا کام جاری ہے عوام آئی ڈی پیز کے لیے دل کھول کو چندہ دیں انھیں تنہانہیں چھوڑیں گے۔ تعلیم، صحت، سیاحت، کمیونیکیشن کے شعبوں میں ترقی کا عمل جاری رہے گا بہت جلد میرپور ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھوں گا۔ قبل ازیں وزیراعظم جب کمیونٹی ہال پہنچے تو متاثرین منگلاڈیم نے ان کا ڈھولوں کی تھاپ پراستقبال کیا۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور وزیراعظم چوہدری عبدالمجید زندہ باد کے نعرے لگائے۔ افطارڈنرکے موقع پر وزیراعظم کے صاحبزادے چوہدری قاسم مجید انتہائی متحرک رہے اورمتا ثرین کوافطار اور کھانے اچھے طریقے سے پیش کرنے کی نگرانی کرتے رہے۔

متعلقہ عنوان :

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں