سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے معیشت تباہ وبرباداور ملکی سلامتی داؤ پر لگی ہے ،ہر شخص عدم تحفظ کا شکار ہے ،تمام ادارے ناکام ہوچکے ہیں،سابقہ حکمرانوں نے ملک کو معاشی طور پردیوالیہ کر کے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے پالیسیاں قوم پرمسلط کی ہیں، اقتدار میںآ کرقوم کی لوٹی گئی دولت ،معاف کرائے گئے قرضے واپس اور کرپشن سے بنائی گئی جائیدادیں ضبط کرلیں گے، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق سینئر وزیر سراج الحق کاتاجر کنونشن سے خطاب

بدھ 17 اپریل 2013 22:57

دیر پائیں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔17اپریل۔ 2013ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق سینئر وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے معیشت تباہ وبرباداور ملکی سلامتی داؤ پر لگی ہے۔ہر شخص عدم تحفظ کا شکار ہے۔تمام ادارے ناکام ہوچکے ہیں۔سابقہ حکمرانوں نے ملک کو معاشی طوردیوالیہ کر دیا ہے ۔اومعاشی طور پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے پالیسیاں قوم پرمسلط کی ہے ۔

حکمران تاجروں کوتحفظ فراہم کر نے میں بھی ناکام ہوچکے ہیں۔ جماعت اسلامی اقتدار میںآ ئی توقوم کی کمائی گئی دولت اور معاف کرائے گئے قرضے واپس اور کرپشن سے بنائی گئی جائیدادیں ضبط کرلیں گے۔ سابقہ حکمرانوں نے ملک کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔عوام کو سبز باغ دکھا کر اقتدار میں آنے والوں نے مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

صنعتوں کوترقی دیں گے اور تاجروں کو مراعات دیں گے ۔

نوجوانوں کوکاروبار کے لیے آسان شرائط پر بلاسود قرضے دیں گے ۔ بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے ۔ وہ ثمر باغ دیرپائیں میں تاجر کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ تاجر کنونشن میں ثمر باغ کے تاجر برادری کے ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ کنونشن سے تاجرنمائندے عبدالرؤف ، نائب امیر جماعت اسلامی ضلع دیرپائیں اعزاز الملک افکاری اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی نے ملک کو بدامنی سے بچانے اور مدینہ منورہ کی سی ریاست بنانے کے لئیے اپنے باکردار صالح افراد کو منتخب کرکے آپ کے سامنے پیش کردیا ہے۔ آپ کا فرض ہے کہ ووٹ کی طاقت سے انہیں اسمبلیوں میں پہنچائیں۔جماعت اسلامی مہنگائی کے خاتمہ کے لئیے فوری پرائس کمیٹیوں کو قائم کرکے قیمتوں کے اضافہ کے رجحان کو روک دے گی۔

سود سے پاک معاشی نظام متعارف کرایا جائیگا۔” روزگار سب کے لیے“ کی پالیسی پر عمل درآمد ہوگا۔ انصاف کی فوری فراہمی کے لیے ٹھوس قانون سازی کی جائے گی۔ کرپشن اور لوٹی ہوئی دولت کی واپسی اور احتساب کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ چھ ماہ کے اندر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا اور تاجروں کی معاشرتی ترقی کیلئے سازگار ماحول فراہم کریں گے۔انھوں نے کہاکہ ملک کے اندر تبدیلی صرف جماعت اسلامی ہی لاسکتی ہے۔عوام دست و بازو بنتے ہوئے اس کے ہاتھ مضبوط کریں اور الیکشن میں جماعت اسلامی کو کامیاب کروائیں۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں