لوئر دیر ، آپریشن سے متاثرہ علاقہ تحصیل میدان میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہونے کے باعث پانچ سال بعد ہفتہ صفائی مہم کے حوالے سے سیکیورٹی فورسز کے زیراہتمام واک کا انعقاد ، میدان میں فوج صرف امن و امان کیلئے موجود ہے ، بندوق کی نوک پر میدان کے عوام پر کسی کو اپنا نظریہ مسلط کرنے نہیں دیں گے، لیفٹیننٹ کرنل ذوالفقار بھٹی کاواک کے شرکاء سے خطاب

ہفتہ 6 اپریل 2013 22:57

لوئر دیر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔6اپریل۔ 2013ء) آپریشن سے متاثرہ علاقہ تحصیل میدان میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہونے کے باعث پانچ سال بعد کمبڑ بازار میں ہفتہ صفائی مہم کے حوالے سے سیکیورٹی فورسز کے زیراہتمام ایک واک کا انعقاد کیا گیا علاوہ ازیں تحصیل میدان میں چلڈرن پارک کا افتتاح بھی کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فوجی آپریشن سے متاثرہ علاقے تحصیل میدان کمبڑ بازار میں ہفتہ کے حوالے سے اور امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہونے کے بعد پانچ سال بعد کمبڑ بازار میں سیکیورٹی فورسز میدان کے انچارج لیفٹیننٹ کرنل ذوالفقار بھٹی کی قیادت میں ایک واک کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ کے مقامی و سیاسی مشران‘ تاجر برادری‘ سکولز و کالجز کے طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ ہفتہ صفائی مہم کے دوران کمبڑ بازار سے واک کرنل ذوالفقار بھٹی کی قیادت میں شروع ہوکر چلڈرن پارک پر اختتام پذیر ہوئی۔

(جاری ہے)

واک کے شرکاء نے بینر اٹھا رکھے تھے اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ کرنل ذوالفقار بھٹی نے چلڈرن پارک کمبڑ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ کرنل ذوالفقار بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میدان میں فوج صرف اور صرف امن و امان کیلئے موجود ہے۔ بندوق کی نوک پر میدان کے عوام پر کسی کو اپنا نظریہ مسلط کرنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میدان کے عوام فوج کیساتھ ہیں اور عوام کے مکمل تعاون سے میدان مین امن و امان قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میدان میں دینی مدارس کیساتھ ساتھ سکول بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام دہشت گردوں کے بارے میں فوج کو اطلاع دیں تاکہ دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی جاسکے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے امیدوار سعید گل‘ عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار نعیم جان‘ انجمن تاجران میدان بازار کے صدر ڈاکٹر شوکت اور ڈاکٹر انعام الرحمن نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں