صدر پاکستان اور نگران وزیر اعظم سعودی عرب میں پاکستانیوں کی پکڑ دھکڑ کا نوٹس لیں ، سعودی حکومت اور سعودی سفارت خانے سے فور ی طور پر رابطہ کر کے پاکستانیوں کے مشکلات کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں ، سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق سینئر وز یر سراج الحق کا شمولیتی اجتماع سے خطا ب

منگل 2 اپریل 2013 20:47

دیرپائیں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2اپریل۔ 2013ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق سینئر وز یر سراج الحق نے کہا ہے کہ صدر پاکستان اور نگران وزیر اعظم سعودی عرب میں پاکستانیوں کے پکڑ دھکڑ کا نوٹس لیں ۔ اور سعودی حکومت اور سعودی سفارت خانے سے فور ی طور پر رابطہ کر کے پاکستانیوں کے مشکلات کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں۔

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے ۔وہ یونین کونسل معیار گاؤں جلمیاں میں شمولیتی اجتماع سے خطا ب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر جلمیاں کے عمائدین نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم جلد ازجلد وزیرخارجہ کاتقرر کرکے اس معاملے کو سفارتی سطح پر حل کریں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست ملک ہے ۔ اور ایک گہر ی سازش کے تحت دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیاں پید ا کر کے وہاں سے پاکستانیوں کو بے دخل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہے انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مزدوری کی غرض سے جانے والے پاکستانیوں کو جیل میں ڈالا جارہا ہے اور ان کے دستاویزات کوقبضہ میں لے کر ان کو مشکلات سے دوچار کر دیا گیا ہے ۔

سعودی عرب میں قیام ناقابل برداشت بنایا جارہا ہے ۔ اور پاکستانی مزدوروں کو اس بات پر مجبو ر کیا جارہاہے کہ وہ تمام سال صرف کفیل کے لیے مزدوری کریں ۔ سراج الحق نے کہا کہ بنگلہ دیش ، ہندوستان اور دیگر ممالک کے سفارت خانے اپنے عوام کے لیے فعال کردار ادا کررہے ہیں جب کہ پاکستانی سفارت خانہ نے پاکستان کے عوام کو بے یار ومدد گار چھوڑ دیا ہے ۔حکومت عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لیے فوری طور پر اقدامات کریں۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں