لوئر دیر ،ولئی تالاش میں مسلح فریق نے لشکر کشی کرکے مخالف کے گھر پر دھاوا بول دیا، خواتین کے کپڑے پھاڑ دئیے،لاکھوں روپے نقدی‘ سونا اور دیگر سامان لوٹ کر فرار

ہفتہ 23 فروری 2013 18:53

لوئر دیر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔23فروری۔2013ء) ولئی تالاش میں مسلح فریق نے لشکر کشی کرتے ہوئے مخالف فریق کے گھر پر دھاوا بول دیا اور مسلح افراد نے گھر میں موجود خواتین کے کپڑے پھاڑ دئیے اور انہیں گھر سے باہر نکال کر گھر میں موجود لاکھوں روپے کی نقدی‘ سونا‘ دو عدد موبائل فون و دیگر سامان اپنے ساتھ لے گئے۔ ہفتہ کو یہاں وزیر ولد گلاب اور وزیر ولد نور محمد نے تیمر گرہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے اور مخالف فریق گل دعوت سکنہ نگری تالاش اور محمد رسول سکنہ مٹہ تالاس کے درمیان کافی عرصہ سے اراضی کا تنازعہ چلا آرہا تھا۔

گذشتہ دنوں مخالف فریق نے اراضی کے تنازعہ پر مسلح لشکر کشی کرکے ہمارے گھر پر دھاوا بول دیا اور گھر کے اندر داخل ہوکر ہمیں مارا پیٹا اور گھر میں موجود خواتین کے کپڑے پھاڑ کر خواتین کو بالوں سے پکڑ کر انہیں گھر سے باہر نکالا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلح مخالف فریق کیساتھ خواتین بھی تھیں اور مسلح مخالف فریق کیساتھ لشکر کشی کے دوران مرد و خواتین نے گھر میں موجود تین لاکھ 60 ہزار کی نقدی‘ آٹھ تولے سونا‘ دو عدد موبائل فون و دیگر سامان اپنے ساتھ لے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں مقامی پولیس کو رپورٹ کی اور تھانہ تالاس پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ بھی درج کرلیا لیکن مقدمہ درج کرنے کے دوران تالاش پولیس نے قانونی دفعات شامل نہیں کیں اور مقدمہ درج کرنے میں قانونی دفعات کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ‘ آئی جی پولیس خیبر پختونخواہ و دیگر متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ مقدمہ کی ایف آئی آر میں تمام قانونی دفعات شامل کی جائیں اور ملزموں سے ہماری نقدی‘ سونا و دیگر سامان برآمد کرکے ہمارے حوالے کیا جائے۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں