آزاد کشمیر بھرکے مہاجرین ،بے گھر اور بکروال برادری کو بینظیر بستیوں میں آبادکرکے پیپلز پارٹی کے نعرہ روٹی ،کپڑا اور مکان کو حقیقت کارنگ دے رہے ہیں ‘ اقتدار کے مزے لوٹنے نہیں آزادی کے بیس کیمپ کے لوگوں کی احساس محرومیاں دورکرنے کیلئے آیا ہوں ‘خلق خدا کی خدمت میرے خون میں شامل ہے اسی لئے مجھے حلقہ کے لوگوں نے ہربار بھرپور کامیابی سے ہمکنار کیا‘عارضی تختیاں لگانا میر اوطیرہ نہیں‘اقتدار پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کا بستر ہے ‘بلا تخصیص نہ رکنے والاترقیاتی کاموں کا تسلسل اگریہ کرپشن ہے تو یہ کرتا رہوں گا‘ترقیاتی کام کرکے کسی پر کوئی احسان نہیں کررہا یہ غریب لوگوں کا حق ہے ،وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کامہاجرین کشمیر اور مقامی بے گھرلوگوں میں مالکانہ حقوق تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

اتوار 17 فروری 2013 13:10

چکسواری(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔17فروری۔2013ء) وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ پورے آزاد کشمیر کے مہاجرین ،بے گھر اور بکروال برادری کو بینظیر بستیوں میں آبادکرکے پیپلز پارٹی کے نعرہ روٹی ،کپڑا اور مکان کو حقیقتت کارنگ دے رہے ہیں ‘ اقتدار کے مزے لوٹنے کے لئے نہیں بلکہ آزادی کے بیس کیمپ کے لوگوں کی احساس محرومیاں دورکرنے کیلئے آیا ہوں ‘خلق خدا کی خدمت میرے خون میں شامل ہے اسی وجہ سے مجھے حلقہ کے لوگوں نے ہربار بھرپور کامیابی سے ہمکنار کیا۔

عارضی تختیاں لگانا میر اوطیرہ نہیں ۔اقتدار پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کا بستر ہے ‘بلا تخصیص نہ رکنے والاترقیاتی کاموں کا تسلسل اگریہ کرپشن ہے تو یہ کرتا رہوں گا‘ترقیاتی کام کرکے کسی پر کوئی احسان نہیں کررہا یہ غریب لوگوں کا حق ہے جو انہیں دے رہاہوں ۔

(جاری ہے)

سابقہ دور حکومتوں میں چکسواری کو پسماندہ رکھا گیا۔میری کوشش ہے کہ معاشرے کے ہرفرد کو اپنے پاؤں پر کھڑا کروں ۔

انھوں نے کہاہے کہ شہیدجمہوریت محترمہ بے نظیربھٹو کے ویژن کو عملی جامع پہنایا جارہاہے۔ بے نظیر شہید نے اہل کشمیر کے لیے جو خواب دیکھے تھے ان سب کو تعبیردیں گے ۔نادار افراد کو بے نظیرانکم سپورٹ سے مالی امداد فراہم کررہے ہیں۔ روزگار کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹونے روٹی کپڑا اور مکان کا جونعرہ دیاتھا آزادخطہ میں اس کو مکمل طورپر عملی جامع پہنائیں گے۔

وزیراعظم یہاں مہاجرین کشمیر اور مقامی بے گھرلوگوں میں مالکانہ حقوق تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر وزیرتعلیم کالجز محمدمطلوب انقلابی، وزیرتعلیم سکولز میاں عبدالوحید، مشیروزیراعظم شوکت راجہ ایڈووکیٹ، پریس کلب کے صدریاسرممتاز، ممتاز شخصیات چوہدری سوارخان، ندیم اقبال روپیال، ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل مشتاق چوہدری، ایڈمنسٹریٹر ضلع زکواة کمیٹی غلام رسول عوامی، اوورسیز کوارڈینیٹر راجہ فضل الرحمان، ڈپٹی کسٹوڈین خلیق الزمان،چوہدری علی شان، راجہ سلطان محمود، عاشق حسین، حاجی شریف، قاضی رئیس، ہیڈماسٹر چوہدری کاظم، حاجی غالب ودیگرمقررین نے خطاب کیا۔

پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، کمشنر میرپورڈویژن راجہ امجدپرویز علی خان، ڈپٹی کمشنر چوہدری گفتارحسین، ایس ایس پی چوہدری محمدامین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے حقوق ملکیت تقسیم کیے ۔ وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاکہ 30 ہزار سے زائد مہاجرین کو حقوق ملکیت تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ باقی بے گھر مہاجرین کو حقوق ملکیت تقسیم کرنے کا کام پراسس میں ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ آزادخطہ کی حکومت انسانیت کی فلاح وبہبود پریقین رکھتی ہے۔ دن رات مشنری جذبے سے کام کرکے آزادخطہ کے عوام کی فلاح وبہبود اور آزادخطہ کی تعمیروترقی کے کام کررہے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ تعمیروترقی کے ایسے ایجنڈے پر عمل پیراہیں جس سے آزادخطہ کے عوام کو بلاتخصیص جدید سہولتیں فراہم ہوسکیں گی اور آزادخطہ فلاحی معاشرے میں تبدیل ہوجائے گا۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں اندازہ ہے کہ آزادخطہ کے عوام نے ہم سے بڑی توقعات وابستہ کررکھی ہیں۔ ہم عوام کی تمام توقعات پوری کریں گے اور عوام سے کیے جانے والے تمام وعدے پورے کریں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی لیڈر شپ اور حکومت پاکستان نے اہل کشمیر سے لیڈرشپ کی کمٹمنٹ کے تسلسل کو جاری رکھاہواہے حکومت پاکستان نے کشمیرایشو پرجاندار موقف اپنارکھاہے جس سے مسئلہ کشمیر کوبڑی تقویت ملی ہے۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ افضل گورو کی پھانسی نے کشمیریوں میں اشتعال پیداکردیاہے ساری دنیامیں کشمیری عوام سراپااحتجاج بنے ہوئے ہیں وزیراعظم نے کہاکہ افضل گوروکی پھانسی عدالتی قتل ہے یہ انسانیت اور جمہوریت کا قتل ہے بھارت نے اپنے آئین کو پھانسی دی ہے۔ عالمی برادری بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے اور بھارت میں کالے قوانین کا خاتمہ کرائے اور کشمیریوں کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی دلوائے۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں