صدر اتی ترجمان کی لوئر دیر میں شہید بھٹو فاؤنڈیشن کے پہلے ایگزیکٹو آفیسر مرحوم ڈاکٹر محمد کمال کی قبر پر حاضری، صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی

پیر 26 نومبر 2012 13:40

لوئر دیر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 26نومبر 2012ء) صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت الله بابر نے شہید بھٹو فاؤنڈیشن کے پہلے ایگزیکٹو آفیسر مرحوم ڈاکٹر محمد کمال کی قبر پر گزشتہ روز لوئر دیر کے علاقے میدان میں حاضری دے کر صدر آصف علی زرداری کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ڈاکٹر کمال جمعہ کی شب حرکت قلب بند ہونے سے پشاور میں انتقال کر گئے تھے۔

صدر کے ترجمان نے کہاکہ ڈاکٹر کمال کی موت سے بہت سے لوگوں کو گہرا صدمہ ہوا ہے اور یہ جمہوری قوتوں کیلئے ایک بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہاکہ صدر نے سوگوار خاندان کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں جمہوریت اور لوگوں کی سیاسی، سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے ڈاکٹر کمال کی خدمات کو سراہا اور کہاکہ جمہوریت کے نصب العین، ایف سی آر میں اصلاحات اور انتخابی اصلاحات کیلئے ان کی گرانقدر خدمات کو دیر تک یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

صدر نے کہاکہ جیسے جیسے جمہوریت کے نصب العین کو آگے بڑھانے میں شہید بھٹو فاؤنڈیشن اپنا نام پیدا کرے گی، ڈاکٹر کمال کو بھی یاد رکھا جائے گا۔ صدر نے کہاکہ ڈاکٹر کمال کے بائیو ڈیٹا کی پہلی لائن ہمیشہ شہید بھٹو فاؤنڈیشن کا پہلا سربراہ رہے گی۔ فرحت الله بابر نے کہاکہ ڈاکٹر کمال ایک عظیم انسان، سچے دوست اور ساتھی اور متاثرکن شخصیت تھے جو ہمیشہ اپنے کام کو ایک مشن اور چیلنج سمجھتے تھے۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں