دیر پائیں، عوام کو آمدورفت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے اورسڑکوں کی حالت بہتربنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے متعددرابطہ سڑکوں ، حفاظتی پشتوں اور نالوں کی تعمیرکے منصوبے مکمل کرلئے

جمعہ 2 نومبر 2012 16:48

دیر(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین، آئی این پی ۔2نومبر 2012ء)دیر پائیں کے عوام کو آمدورفت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے اورسڑکوں کی حالت بہتربنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے لیکوڑ،گنڈیرئی، ناگرام،پڑی کس،دربار،پرڑامار اور نوے کلے مسلم آباد کے دیہات میں متعددرابطہ سڑکوں ، حفاظتی پشتوں اور نالوں کی تعمیرکے منصوبے مکمل کرلئے ہیں۔ ملاکنڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کے اعلامیے کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے عوامی مشکلات کے پیش نظرسیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی اور دوبارہ تعمیر کیلئے ثمرباغ سب ڈویژن کے گاوٴں لیکوڑ میں متاثرہ 719میٹر طویل لنک روڈ ، گنڈیرئی گاوٴں میں1511میٹر طویل رابطہ سڑک، ادینزئی سب ڈویژن کے گاوٴں ناگرام میں 1494میٹر طویل لنک روڈ اورلال قلعہ سب ڈویژن کے گاوٴں پڑی کس میں1097میٹر طویل لنک روڈ کی تعمیر ومرمت اور بحالی کاکام مکمل کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح انتظامیہ نے ادینزئی چکدرہ کے گاوٴں دربار میں885 میٹر طویل لنک روڈ، گاوٴں پرڑامار میں1143میٹر طویل رابطہ سڑک اور تیمرگرہ کے علاقہ نوے کلے سے مسلم آباد تک 558میٹر طویل رابطہ سڑک کی تعمیرو بحالی کا کام مکمل کیاجس سے درجنوں دیہات ایک بار پھر آپس میں منسلک ہوگئے ہیں۔ ان سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ نکاسی آب کیلئے نالے اور حفاظتی پشتے بھی تعمیر کئے گئے تاکہ آئندہ سڑکوں کو بارش اور سیلابی پانی کے نقصانات سے محفوظ بنایا جاسکے۔

سڑکوں کی تعمیر کے ان منصوبوں سے نہ صرف مقامی افراد کو آمدورفت کی بہتر سہولتیں میسر آگئی ہیں بلکہ انہیں ہسپتالوں، اسکولوں، مارکیٹ اور دیگر علاقوں تک رسائی بھی آسان ہوگئی ہے۔ سڑکوں کی دوبارہ تعمیر کے ان منصوبوں سے تیس ہزار سے زائد مقامی افراد مستفید ہوں گے۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں