لوئر دیر، میدان میں متاثرہ خاندانوں کی واپسی

بدھ 12 اگست 2009 15:57

لوئر دیر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اگست ۔2009ء) لوئر دیر کی تحصیل میدان میں متاثرہ خاندانوں کی واپسی شروع ہوگئی ہے۔ میدان کے علاقے قنبڑ، حیاسری اور شیر خانے میں اسی کے قریب خاندان گھروں کو واپس لوٹ چکے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے تحصیل میدان کے اسی فیصد علاقے کو کلئیر قرار دے دیا ہے۔ چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مرادن اور پشاور سے آنے والے متاثرین کے لئے خونگی تیمر گرہ ، کامرہ کالج ولی کنڈو اور منڈاں میں نئے کیمپ بنائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تیمر گرہ، ثمر باغ، واڑی اور براول کے کیمپوں اور اسکولوں میں تیس ہزار متاثرین مقیم ہیں۔ متاثرین پچیس ہزار روپے کے امدادی چیک ملنے کے منتظر ہیں۔ تحصیل میدان میں صبح چھ بجے سے رات آٹھ بجے تک کرفیو میں وقفہ ہے۔ ادھر دیر بالا کے علاقے ڈھوک درہ میں عمائدین علاقہ اور شدت پسندوں کے درمیان مذاکرات ہو رہے ہیں۔ جس میں شدت پسندوں کو ہتھیار ڈالنے پر راضی کیا جارہا ہے، گزشتہ روز شدت پسندوں اور مقامی لشکر کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں