دیر لوئر: آپریشن،چھ مشتبہ افراد گرفتار، جنوبی وزیرستان:ڈرون حملہ،خاتون ہلاک

بدھ 5 اگست 2009 10:58

دیر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔05اگست 2009 ء) دیر لوئر کے علاقے سربانڈہ میں سیکورٹی فورسز نے چھاپہ مارکر چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق دیر لوئر کے علاقے سربانڈہ میں سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران چھاپہ مار کر چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ۔مشتبہ افراد سے مزید تحقیقات کے لئے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران نائزیلا کے علاقے میں تین گھر مسمار کردیئے گئے ہیں جبکہ سیکورٹی فورسز کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں بیت اللہ محسود کے سسر مولانااکرام الدین کے گھر پر جاسوس طیارے کے حملے میں ایک خاتون ہلاک اور چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق امریکی جاسوس طیارے نے جنوبی وزیرستان میں واقع بیت اللہ محسود کے سسر مولانا اکرام الدین کے گھر کو عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد نشانہ بنایا جس میں ایک خاتون ہلاک اور چار افراد زخمی ہوگئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافہ متوقع ہے۔

جاسوس طیارے کے حملے میں اہم عسکریت پسند کمانڈر کی ہلاکت کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ مولانا اکرام الدین عسکریت پسند کمانڈر بیت اللہ محسود کے سسر ہیں۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں