مخلوط صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ، شہری آبادی کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے مردم شماری ناگزیر ہوچکی ہے

سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اﷲ خان کا اجتماعات سے خطاب

ہفتہ 17 ستمبر 2016 21:33

دیربالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17ستمبر ۔2016ء) سینئر صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اﷲ خان نے کہا ہے کہ مخلوط صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے مگر شہری آبادی کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے مردم شماری ناگزیر ہوچکی ہے تاکہ درست اعداد وشمار کی روشنی میں منصوبہ بندی کرکے بہتر انداز میں عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

درست اعداد وشمار نہ ہونے کی وجہ سے عوام تک بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بعض مشکلات ہیں مگر صوبائی حکومت اورمحکمہ بلدیات کی انتھک محنت اورکوششوں کی وجہ سے آج عالمی ادارے بھی محکمہ کی اچھی کارکردگی کی تعریف کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کی ترقی تجاوزات کا خاتمہ ،صفائی وستھرائی ،آبنوشی ،نکاسی آب اور سڑکوں کے بڑے بڑے پراجیکٹس کی تعمیر ومرمت صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وہ دیر بالا میں مختلف اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے ۔ سینئر وزیر عنایت اﷲ خان نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اﷲ نے پاکستان کو ہر نعمت سے مالامال کیا ہے لیکن69سال میں اسلامی نظریہ، آئین کے احکامات اور قیام پاکستان کے مقاصد سے انحراف کیا گیا ہے۔ کرپشن پاکستان کے تعمیر و ترقی کے راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اس رکاوٹ کو دور کر کے پاکستان کو ایک اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان بنائیں گے ۔

عوام کی اصل عید اس دن ہوگی جب پاکستان سے کرپٹ مافیا کا خاتمہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہمارا صوبہ وسائل سے مالامال ہے یہاں کے محنتی عوام کواگر حقوق مل جائیں تو صوبہ خیبرپختونخوا چند سالوں میں مثالی ترقی کر سکتا ہے ۔صوبہ میں میں زمین کے نیچے قدرتی ذخائر کا سمندر ہے۔اس صوبہ میں سعودی عرب سے بڑھ کر خوشحالی کے ذرائع ہیں ان کو استعمال میں لانے کی ضرورت ہے ہمارے پاس پانی اور جنگلات کی قوت ہے ۔

ہمارے حصہ کی بجلی ،گیس ،کوئلے اور پانی کی ادائیگیاں نہیں ہو رہی ہیں۔وفاق کے ہاتھوں صوبہ خیبر پختونخوا کی نو آبادیاتی کسی صورت قبول نہیں۔دوسرے تمام سیاسی جماعتوں نے عوام کو مایوس کر دیا ہے اس لیے لوگ جوق در جوق جماعت اسلامی میں شامل ہورہے ہیں صوبے میں مستقبل جماعت اسلامی کا ہے ۔

دیر بالا میں شائع ہونے والی مزید خبریں