دیربالا ، دیر پاسپورٹ آفس میں پلاسٹک کاغذ کی قلت اور بے قاعدگیوں کی شکایات سے پاسپورٹ حاصل کرنے والے سینکڑوں افراد مسائل کا شکار ،متعدد افراد کو عمرہ ،حج اور کاروبار کیلئے سعودی عرب،دبئی سمیت بیرون ممالک جانے میں مشکلات کاسامنا، عملہ اورٹاوٹ سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے میں مصروف

پیر 11 مارچ 2013 20:01

دیربالا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11مارچ۔ 2013ء) دیر پاسپورٹ آفس میں پلاسٹک کاغذ کی قلت اور بے قاعدگیوں کی شکایات سے پاسپورٹ بنانے والے سینکڑوں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ،متعدد افراد کو عمرہ ،حج اور کاروبار کیلئے سعودی عرب،دبئی سمیت بیرون ممالک جانے میں مشکلات سے دوچار جبکہ عملہ اورٹاوٹ سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ۔

بیرون ممالک روزگار کے سلسلے میں مقیم افراد کو ویزے کی معیاد ختم ہونے کا خدشہ۔تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل دیرمیں قائم ہونے والے پاسپورٹ آفس میں سہولیات اور سٹاف کی قلت سے پاسپورٹ آفس میں آنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہورہا ہے۔جبکہ پاسپورٹ کے عملہ کے مطابق پاسپورٹ آفس حال ہی میں قائم ہوا ہے جس میں سہولیات اور عملے کی کمی ہے۔

(جاری ہے)

اس لئے فی الحال پاسپورٹ بنانے اور تجدید کرنے والوں کو تھوڑا بہت مشکلات کا سامنا ہورہا ہے لیکن ان مشکلات پر بہت جلد قابو پالیا جائیگا ۔پاسپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے آفس میں موجود سٹاف انتہائی تندہی اور مقررہ اوقات سے زیادہ کام کررہا ہے۔تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں پاسپورٹ بنایا جاسکے۔ پاسپورٹ آفس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہم عوام کے مشکلات اور شکایات سے باخبر ہے۔

لیکن معمول کے پاسپورٹ بنانے والوں کے علاوہ حج اور عمرے کیلئے داخلے بھی ساتھ ساتھ جاری ہے اور روزانہ سو سے زائد پاسپورٹ آفس میں داخل کئے جاتے ہیں لیکن دوسری طرف طویل بجلی لوڈشیڈنگ کی وجہ مشکلات کا سامنا ہے ۔تاہم اس کے باوجود بھی قلیل مدت میں اب تک گیارہ سو کے قریب پاسپورٹ بنا چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ میں استعمال ہونے والا پلاسٹک کاغذ کی قلت ہے لیکن پورے ملک میں آفسز کو پلاسٹک کی کمی کا سامنا ہے نہ کہ صرف دیر پاسپورٹ کو یہ مسئلہ درپیش ہے۔

پلاسٹک کی قلت کا مسئلہ بھی جلد حل ہوگا۔جس سے پاسپورٹ بنانے کی شرح میں اضافہ ہوگا انہوں نے کہا کہ لوگوں کا بھی ہمارے ساتھ تعاون ہونا چاہئے ۔ کیونکہ نیا آفس ہے جس میں ہمیں کئی مشکلات کا سامنا ہے۔تاہم پاسپورٹ بنانے والے غریب اور ضرورت مند افراد کو لوٹنے کیلئے ٹاوٹ سرگرم ہے اور سائلوں سے داخلے فارم کے نام پر اضافے300 سے 500روپے تک بٹورنے میں مصروف ہیں۔

جبکہ ڈائریکٹر صلاح الدین نے فون پر موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ آفس کے باہر ایجنٹ لوگوں سے زائد رقم وصول کررہے ہیں جس کی شکایت ہمیں بھی ملا ہے جس کے بعد میں نے خود ان ایجنٹوں کو بلاکر ناجائزمنافع خوری سے منع کیا ہے لیکن اسکے باوجود وہ باز نہیں آرہا ہے ۔صلاح الدین نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو اس پر ایکشن لینا چاہئے اور ان ایجنٹوں کو یہاں سے دور بیٹھانا چاہئے تاکہ سائلوں سے رقم وصولی کو کنٹرول کیا جاسکے۔

پاسپورٹ آفس کے عملہ نے شہریوں کو لوٹنے کے الزامات کو غلط قرار دیدیا ہے اور کہا کہ سائلوں کا خدمت ہمارا فرض ہے اور اسے پاسپورٹ بغیر کسی رکاوٹ کے فراہم کئے جارہے ہیں۔ سعودی عرب ،دبئی سے چھٹی پر آنے والوں درجنوں افراد کے پاسپورٹ کی بروقت تجدید نہ ہونے سے انکے ویزے ختم ہونے کا خدشہ ہے۔

دیر بالا میں شائع ہونے والی مزید خبریں