مغرب کی طرف دیکھنے والوں کیلئے پاکستانی عوام نے دروازے بند کر دیئے ہیں، محمد علی درانی درانی،پاکستان کے عوام اب کسی کو قومی دولت لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے، حکومت نے ملک میں سیاسی کلچر تبدیل کر دیا ہے، سرحد کے عوام ایم ایم اے کی منافقت سے واقف ہو چکے ہیں، حکومت نے کسی سے ڈیل کی ہے اور نہ کرے گی، جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 28 اپریل 2007 21:36

دیربالا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اپریل۔2007ء) وفاقی وزیرا طلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اب کسی کو قومی دولت لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے، مسلم لیگ کی حکومت نے ملک میں سیاسی کلچر تبدیل کر دیا ہے اب قومی وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہو رہے ہیں، اب پالیسیاں پاکستان میں بنتی ہیں باہر نہیں، ہم مغرب کی طرف نہیں دیکھتے بلکہ عوام کی طرف دیکھتے ہیں، مغرب کی طرف دیکھنے والوں کیلئے پاکستان کے عوام نے دروازے بند کر دیئے ہیں، سرحد کے عوام ایم ایم اے کی منافقت سے واقف ہو چکے ہیں، حکومت نے کسی سے ڈیل کی ہے اور نہ کرے گی، مسلم لیگ کی ڈیل پاکستان کے 14 کروڑ عوام سے ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز یہاں دیربالا کے علاقہ داروڑہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت کے بہتر حکمت عملی سے پاکستان کا خزانہ بھر گیا ہے اور سرکایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کررہا ہے جس سے پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے کیونکہ پاکستانی عوام کوایک ایسی قیادت مشرف اور شوکت عزیز کی صورت میں ملی ہے جو نہ صرف پاکستان میں عوام کے خوشحالی کیلئے اقدامات کررہی ہے بلکہ عالمی سطح پرپاکستان کے وقار کو بڑھایا ہے اور اسلام کی سربلندی کیلئے کام کررہی ہے جبکہ بعض لوگ پاکستان میں اسلام کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں جن کو عوام نے پہچان لیا ہے اور ان کے دھوکے میں مزید نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسی سے ڈیل کی ہے اور نہ کریگی کیونکہ ہما ری حکومت اور مسلم لیگ کا ڈیل پاکستان کے 14کروڑ عوام سے ہے۔انہوں نے کہا کہ مشرف حکومت میں پاکستان کے نوجوانوں کو روشن مستقبل دیا ہے اور پاکستان کو مستحکم بنایا اور پاکستان کو خوشحالی کی طرف لے جایا گیا ہے ۔محمد علی درانی نے کہا کہ جہاں بھی عوام کو ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہو مسلم لیگ کی حکومت صوبہ سرحد میں امیرمقام کی قیادت میں اسے پورا کررہی ہے اور سرحد میں صوبائی حکومت سے زیادہ مرکزی فنڈز سے ترقیاتی کام کیا ہے ۔

محمد علی درانی کہا کہ صدر مشرف اور وزیر اعظم شوکت عزیز نے مجھے حکم دیا ہے کہ اگر سرحد میں امیرمقام کو جہاں بھی میری ضرورت ہو میں ان کے ساتھ ہر جگہ جاؤں۔ انہوں نے کہا کہ صدر جنرل پرویز مشرف نے ملک میں سیاسی کلچر تبدیل کیا غربت کی جگہ خوشحالی کا آغاز کیا اب ترقی کے ثمرات دور دراز کے علاقوں میں بسنے والے عوام تک پہنچیں گے اب ملک کے وسائل عوام پر خرچ ہوں گے اب کسی کو ملکی خزانہ لوٹ کر ملک سے باہر لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ مرکز اور چاروں صوبوں میں حکومتیں بنائے گی کیونکہ اب عوام ترقی کے عمل کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسیاں پاکستان میں بنتی ہیں اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے گرد گھومتی ہیں ہم مغرب کی طرف دیکھتے ہیں اور نہ جنوب کی طرف ہم صرف عوام کی ترقی اور خوشحالی کی طرف دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کسی کو اجازت نہیں دے گی کہ وہ قوم کے خوابوں کو مغرب کے ہاتھوں بیچ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار کیلئے مغرب کی طرف دیکھنے والوں پر مشرق کے عوام اپنے دروازے بند کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک سے محبت کرنے والوں کا دور ہے اور پاکستان جلد ہی مسلم امہ کی ترجمانی کا حقیقی فریضہ انجام دے سکے گا اب پاکستان کا سبز پاسپورٹ مغرب میں بھی احترام کی علامت بنے گا۔ انہوں نے اس موقع پر دیر پریس کلب کیلئے دولاکھ روپے کا اعلان بھی کیا۔

اور کہا صحافیوں کے مسائل کو حل کرینگے ۔ پریس کلب کے صدر سید زاہد جان نے محمد علی درانی کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے دیر پی ٹی وی بوسٹر( RBS (کے رینج کو بڑھانے اور چینل میں اضافے کا بھی اعلان کیا انہوں نے کہا کہ منافقت کا زمانہ چلا گیا ہے ایم ایم اے کی منافقت اب عیاں ہوچکی ہے اور عوام انکے چالوں میں انے والے نہیں۔

دیر بالا میں شائع ہونے والی مزید خبریں