قبائل نے ہمیشہ پاکستان ،پاک فوج کا ساتھ دیا، حالات کی خرابی میں ملک دشمنوں کا ہاتھ ہے ،مولانا جمال الدین محسود

حکومت افغان مہاجرین کی باعزت واپسی یقینی بنانے کیساتھ متاثرین وزیرستان کی بھی دوبارہ آباد کاری کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے ، رکن قومی اسمبلی

اتوار 8 مارچ 2015 17:00

ڈیرہ اسما عیل خان( پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء) رکن قومی اسمبلی مولانا جمال الدین محسود نے کہا ہے کہ قبائل نے ہمیشہ پاکستان اور پاک فوج کا ساتھ دیا، حالات کی خرابی میں ملک دشمنوں کا ہاتھ ہے حکومت افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ متاثرین وزیرستان کی بھی دوبارہ آباد کاری کو یقینی بنانے کے لیئے جلد اقدامات کرے ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈیرہ اسما عیل خان میں محسود اصلاحی جرگہ کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا، تقریب سے محسود اصلاحی جرگہ کے چیئر مین مفتی محمد ابراہیم محسود اور جنرل سیکریٹری بادام گل محسود نے بھی خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں تباہ حال مکانوں کے لیئے چار لاکھ روپے کی امداد ناکافی ہے وزیرستان کے سنگلاخ پہاڑوں میں چار لاکھ روپے سے چاردیواری کی تکمیل ممکن نہیں ہوتی تو تباہ شدہ گھر کو کیسے دوبارہ بنایا جا سکتا ہے اس ضمن میں قومی اسمبلی میں بھی آواز بلند کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں قبائلی علاقہ جات کے ممبران کے لیئے نیا حکومتی آرڈینینس لائق ستائش ہے اس سے کرپشن اور قبائل کا ووٹ بیچنے کی روایت ختم ہوجائے گی، انہوں نے کہا کہ وزیرستان کے باشندوں کے مسائل اتنے زیادہ ہیں کہ ان کو مختصر وقت میں بیان نہیں کیا جا سکتا، محسود قوم اس وقت انتہائی مشکل وقت سے گذر رہی ہے میں قوم کا خادم ہوں اور محسود اصلاحی جرگہ کے پلیٹ فارم کے قیام پر تمام محسود عمائدین اور قوم کے ہر بچے کو خراج تحسین اور مبارک باد پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک اور پاک فوج کے وفادار رہیں گے، کوئی طاقت ہمیں اس سے پیچھے ہٹنے پر مجبور نہیں کر سکتی، انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں د و ہزار آٹھ سے سکول بند ہیں، انفراسٹریکچر تباہ ہو گیا ہے اس کی بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے، ہمارے بچوں کے سکالر شپ بند ہیں انہیں کھولا جائے اور وزیرستان کے بے روز گار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں ، انہوں نے کہا کہ ہم مقامی پولیٹیکل انتظامیہ کے ساتھ علاقہ میں امن کے قیام کے لیے بھرپور تعاون کریں گے امن ہوگا تو ملک اور ہمارا علاقہ ترقی کرے گا یہاں انڈسٹری قائم ہو گی اور ہمارا خطہ خوشحال ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز بننا ہم نے پاکستان اور قوم کے لیئے قبول کیا ورنہ کوئی اپنا گھر بار نہیں چھوڑ سکتا ہم نے ملک اور قوم کے وسیع مفاد اور پائیدار قیام امن کے لیئے نقل مکانی کی، انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں اگر محسود قوم کی نمائندگی کا حق ادا نہ کر سکا تو اسمبلی میں بیٹھنے کے بجائے مستعفی ہونے کو پسند کروں گا، انہوں نے اس موقع پر محسود اصلاحی جرگہ کی نومنتخب کابینہ سے حلف بھی لیا ۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں