چترال کے عوام کیلئے موت و حیات کی اہمیت رکھنے والی لواری ٹنل کی آ خر کار افتتاح ہوگیا

وزیر اعظم کا لواری سرنگ کا فیتہ کاٹ کر اسے عام ٹریفک کیلئے کھولنے کا اعلان

جمعرات 20 جولائی 2017 22:36

چترال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) چترال کے لوگوں کیلئے موت و زندگی کی اہمیت رکھنے والی لواری سرنگ کی تعمیر کا خواب آحر کار حقیقت بن گئی۔ جمعرات کو وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے لواری سرنگ کا فیتہ کاٹ کر اس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر چترال کے رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین، انجینئر امیر مقام، سابق وزیر اعلیٰ پیر صابر شاہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیرمین اور ہزاروں کی تعداد میں چترال اور دیر کے لوگ موجود تھے۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ اگر چہ چترال کے عوام نے مجھے ووٹ نہیں دیا بلکہ انہوںنے پرویز مشرف کے پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیا تھا جس نے مجھے ہتھکڑی پہنائی تھی اور مجھے سات سال تک جیل میں رکھا مگر میں اس وقت بھی نہیں جھکا اور اس کے باوجود بھی ہم نے چترال کے عوام کیلئے ترقیاتی کاموں کا ایک جال پھیلایا ہے جس میں چترال میں گیس کے پلانٹ، بجلی گھر، خواتین یونیورسٹی اور چکدرہ سے چترال تک ہائی وے روڈ شامل ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے جے آئی ٹی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ احتساب نہیں بلکہ احتصال ہے انہوںنے کہا کہ میں نے کوئی بدعنوانی نہیں کی ہے نہ میں نے کسی رشتہ دار کو ٹھیکہ دیا ہے ۔ جے آئی ٹی کا سربراہ نے اپنے رشتہ دار کو لاکھوں روپے کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر دیا ہے ۔ انہوںنے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور ان کے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیا پاکستان کیا بنائیں گے پہلے نیا خیبر پحتون خواہ تو بنادے پھر نئے پاکستان کی بات کرے۔

انہوںنے کہا کہ لواری ٹنل پر پہلے بھی کام شروع ہوا تھا مگر صرف کاغذوں میں اگر اس پر عملی طور پر کام ہوجاتا تو اسے 1980 میں مکمل ہونا چاہئے تھا۔ انہوںنے کہا کہ لواری ٹنل پر پی پی پی دور حکومت میں کام بند ہوا مگر جب سے ہماری حکومت آئی تو میں اسے مکمل کرنے کی خواہش ظاہر کی جس پر چئیرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے مجھے کہا کہ اس پر کوئی پچیس تیس ارب روپے لاگت آتی ہے میں نے ہدایت کی کہ اگر پچاس ارب روپے لاگت آتی ہے تب بھی میں دینے کو تیار ہوں مگر یہ سرنگ مکمل ہونا چاہئے۔

انہوںنے کہا کہ میری زندگی میں سب سے خوشحال دن آج کا دن ہے کہ چترال کے عوام کو حقیقی آزادی مل گئی جو ماضی میں شدید برف باری کے باعث کئی ماہ ملک کے دیگر حصوں سے کٹ کر رہ جاتے۔ لواری ٹنل کے افتتاح پر چترال کے عوام نے نہایت خوشی کا اظہار کیا ولی محمد نامی ایک شحص کا کہنا ہے کہ ہمارے لئے آج کے دن عید الاضحی سے بھی بڑی خوشی کی دن ہے کہ ہمارا دیرینہ مطالبہ اور خواب آج شرمندہ تعبیر ہورہا ہے۔

اس سے نہ صرف چترال کے لوگوں کو تین گھنٹے سفر میں بچ جائیں گے بلکہ سال کے بارہ مہینے ان کو راستہ میسر ہوگا جو ماضی میں موسم سرما میں چھ ماہ تک بند رہتے۔لواری ٹنل کے افتتاح کے موقع پر کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور وزیر اعظم نے ایم این اے افتخار الدین کے مطالبے پر چترال کیلئے گیس پلانٹ، یونیورسٹی اور چکدرہ سے چترال تک سڑک کا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں