وزیراعظم نواز شریف نے لواری ٹنل منصوبے کا افتتاح کردیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 20 جولائی 2017 11:26

وزیراعظم نواز شریف نے لواری ٹنل منصوبے کا افتتاح کردیا
چترال (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 جولائی۔2017ء) چترال: وزیراعظم نواز شریف نے دو حصوں پر مشتمل لواری ٹنل کا افتتاح کردیا ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے لواری ٹنل کا افتتاح کردیا، اس موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ گورنر اقبال ظفر جھگڑا، سابق گورنر و مشیر ہوا بازی سردار مہتاب عباسی بھی موجود تھے جب کہ وزیراعظم نے ٹنل کا افتتاح کرنے کے بعد ٹنل کے اندرونی حصے کا بھی معائنہ کیا۔

لواری ٹنل 42 سالہ تعمیراتی دور سے گزر کر مکمل ہوئی ہے، اس انتہائی اہم سرنگ کا پہلی بار سنگ بنیاد 5 جولائی 1975 کو وزیر بین الصوبائی رابطہ عبدالحفیظ پیرزادہ نے رکھا تاہم 5 جولائی 1977 کو سابق جنرل ضیاءالحق نے ملک میں مارشل لاءلگا کر اس منصوبے پر کام بند کروا دیا۔6 اکتوبر 2006 کو سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے حکم پر لواری ٹنل کے دونوں طرف دوبارہ کام شروع کیا گیا، 2008 میں ٹنل مکمل ہوئی اور گاڑیوں کی آمد و رفت سرنگ کے اندر سے شروع ہوئی، 2009 سے 2017 تک سردیوں میں لوگوں کو آمد و رفت کی اجازت دی گئی۔

(جاری ہے)

لواری ٹنل کی تعمیر کے بعد چترال کے مسافروں کو 10500 فٹ بلند لواری ٹاپ عبور کرنے سے نجات مل جائے گی اور پورا سال آمد و رفت کی سہولت بھی میسر رہے گی، سردیوں میں برفباری کی وجہ سے لواری ٹاپ بند ہونے سے آمد و رفت رک جاتی تھی جب کہ اب سفر کا دورانیہ بھی 2 گھنٹے کم ہو جائے گا۔ لواری ٹنل دو حصوں پر مشتمل ہے، بڑی ٹنل 9 کلومیٹر طویل جب کہ چھوٹی کی لمبائی 2 کلو میٹر ہے۔

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں