کیلاش قبیلے کا مشہورمذہبی تہوار (جوشی)چلم جوشٹ اختتام پذیر

منگل 16 مئی 2017 21:06

پشاور/چترال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 مئی2017ء) چترال کے شہر کیلاش میں بہار کی آمد پر منایا جانے والا کیلاش قبیلے کا مشہورمذہبی تہوار (جوشی)چلم جوشٹ اختتام پذیر ہوگیا، تہوار میں ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کی جانب سے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کیلئے ٹینٹ ویلیج بنایا گیا ہے جبکہ اس کیساتھ سیاحوں کیلئے سیاح ٹریولز کے اشتراک سے سستا تفریحی سفر، ٹورسٹ انفارمیشن سنٹر اور بمبوریت میوزیم کیلاش ، برین اور رمبور میں سیاحوں کیلئے سیاحتی مقامات پر ورلڈ بینک کے تعاون سے بینچز لگائے گئے ہیں تاکہ ان مقامات پر آنے والے سیاحوں کو تفریحی سہولیات فراہم کی جاسکیں، تفصیلات کے مطابق کیلاش قبیلے کے سالانہ مذہبی تہوارچلم جوشٹ میں امسال ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے کثیر تعداد میں رخ کیا ، اس سلسلے میں ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی سہولیات اور انہیں کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچانے کیلئے ٹینٹ ویلیج بنائی تاکہ سیاحوں کی کثیر تعداد کی موجودگی میں کسی کو کوئی مشکل درپیش نہ ہو اور سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں تاہم اس کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں سے سیاحوں کی آمدورفت کیلئے سیاح ٹریولز کے ساتھ مل کر 100سیاحوں کو سستے سفرکی سہولت بھی دی گئی اور سیاحوں کو معلومات فراہم کرنے کیلئے ٹورسٹ انفارمیشن سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا گیا تاکہ سیاحوں کو ان سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات فراہم کی جاسکیں،فیسٹیول کے موقع پر قبیلے کے لوگوں نے مذہبی پیشوا کی طرف سے جوشی تہوار کے باقاعدہ اعلان پر خوشی کا اظہار کیا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے فیسٹیول کو خوش آمدید کہا ۔

(جاری ہے)

جوشی فیسٹیول کیلاش قبیلے کا سب سے اہم تہوار ہے کیونکہ اس تہوار کے اعلان کیساتھ سردیوں کے تکلیف دہ حالات کو رخصت کیا جاتا ہے اور بہار کا استقبال کیا جاتا ہے ۔ مال مویشیوں کو گرمائی چراگاہوں پر لے جانے کی تیاری ہوتی ہے اور مال مویشیوں کے دودھ کی فراوانی ہوتی ہے ، تہوار میں پچ انجیئک کی رسم ادا کی جاتی ہے اس رسم میں پانچ سے سات سال کے بچوں کو کالاش کے نئے کپڑے پہنا کر ان کو بپتسمہ دیا جاتا ہے جبکہ گل پاریک کی رسم بھی ادا کی گئی جس میں گائوں کے تمام زچہ و بچہ پر ایک نوجوان دودھ چھڑکتا ہے اور خواتین اس نوجوان کو چیہاری کا ہار پہناتی ہیں ،ایم ڈی ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہاکہ ٹوورازم کارپوریشن ان مقامات میں رہائش پذیر کیلاشی قبیلے کی مذہبی رسومات کو سپورٹ کرتا رہے گا تاکہ یہاں پر سیاحت کو فروغ دیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی کارپوریشن اور سیاح ٹریولز اینڈ ٹوورز کے زیراہتمام سیاحت کر فروغ اور سیاحوں کو عمدہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے چلم جوشٹ کیلاش فیسٹیول کے ٹوور کا انعقاد کیا گیاتھا جس میں ملک بھرسے مختلف فیمیلز نے شرکت کی اور کیلاش کا دورہ کیا۔ ہر سال کیلاش کے رہائشی کیلاش میں جشن بہاراں مناتے ہیں جس کیلئے ملک بھر سمیت بیرون ممالک سے کثیر تعداد میں عوام کیلاش کا رخ کرتی ہیں۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں