فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے برفانی تودے کے متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم

پیر 6 فروری 2017 20:18

چترال۔06 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2017ء) کور کمانڈر ۱۱ کور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ کی خصوصی ہدایت پر پاک فوج کے ہیلی کاپٹر میں شیر شال کے برفانی تودے کے متاثرہ خاندان میں امدادی سامان اس پسماندہ وادی کو پہنچایا گیا۔ کمانڈنٹ چترال سکائوٹس کرنل نظام الدین شاہ کے نگرانی میں یہ امدادی سامان شیر شال کے متاثرہ خاندان میں تقسیم کیا گیا۔

امدادی سامان میں سو کمبل، 50 رضائیاں، 20 گرم شال،50 کوئلے کے سٹوب، 30 عدد آٹے کی بوری، 20پلاسٹک چٹائی شامل ہیں۔کرنل نظام الدین شاہ نے رابطے پربتایا کہ شیر شال میں ہیلی پیڈ نہ ہونے کی وجہ سے یہ سامان نزدیکی گائوں سویٹ کے مقامی ناظمین اور علاقے کے عمائدین کے حوالہ کیا گیا جنہیں متاثرہ لوگوں تک پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ چترال سکائوٹس کے تمام جوانوں اور ہر پوسٹ پر عملہ کو الرٹ کیا ہوا ہے جو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار رہے گا۔

کمانڈنٹ چترال سکائوٹس تمام ریسکیو آپریشن اور تمام حالات کا خود نگرانی کر رہے ہیں اور اس کا جائزہ بھی لے رہے ہیں۔فوجی ہیلی کاپٹر میں شیر شال کے مقام پر برفانی تودے تلے دب کر مرنے والے خاندان کی لواحقین کو بھی پشاور سے لایا گیا۔ علاوہ ازیں چترال کے تمام وادیوں کے راستے تاحال بند ہیں اور ضلعی انتظامیہ ان راستوں سے برف ہٹا کر ان کو کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ان کو خاطر خواہ کامیابی نہیں ہوئی ہے۔ چترال بازار میں بجلی بھی نہیں ہے اور کھانے پینے کی چیزوں کی بھی شدید قلت پیدا ہوئی ہے۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں