چترال ‘شیر سال میں برفانی تودہ مکانات پر گرنے سے 14افراد جاں بحق ‘11افراد کو ریسکیو کرلیا گیا

صدر ممنون ‘ وزیراعظم نوازشریف سمیت دیگر سیاسی رہنمائوں کا جانی نقصان پر اظہار افسوس وزیراعظم کی وفاقی اور صوبائی اداروں کو متاثرہ علاقے میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت

اتوار 5 فروری 2017 12:00

چترال ‘شیر سال میں برفانی تودہ مکانات پر گرنے سے 14افراد جاں بحق ‘11افراد کو ریسکیو کرلیا گیا

چترال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 فروری2017ء) چترال کے علاقے شیر سال میں برفانی تودہ مکانات پر گرنے سے 14افراد جاں بحق ہوگئے،گیارہ افراد کو ریسکیو کرلیا گیا،صدرمملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف سمیت دیگر سیاسی رہنمائوں کا برفانی تودہ گرنے سے ہونے والے جانی نقصان پر اظہار افسوس،وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی اداروں کو متاثرہ علاقے میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز چترال کے علاقے شیرسال کے مقام پر شدید برفباری کے بعد برفانی تودہ متعدد مکانات پر گر گیا،افسوسناک واقعے میں درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے،چترال سکائوٹس اور مقامی افراد نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے برفانی تودے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے 14افراد کی لاشیں نکال لیں،جاں بحق افراد میں 6خواتین،6بچے اور 2مرد شامل ہیں،ریسکیوکارروائیوں کے دوران ملبے تلے دبے گیارہ زخمی افراد کو بھی ریسکیو کرلیا گیا جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا،شدید برفباری کے باعث راستے بند ہونے سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف صدرمملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف سمیت دیگر سیاسی رہنمائوں نے برفانی تودہ گرنے سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔وزیراعظم نوازشریف نے وفاقی اور صوبائی اداروں کو متاثرہ علاقے میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے اور این ڈی ایم اے کو متاثرین کو خوراک،علاج اور پناہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں