چترال میں مسلسل بارش اور برف باری سے لواری ٹاپ ہر قسم ٹریفک کیلئے بند

منگل 3 جنوری 2017 19:40

چترال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء) چترال اور مضافات میں پیر کو شام سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ چترال کے بالائی علاقے بروغل، یارخون لشت، مستوج، لاسپور اور لواری ٹاپ پر برف باری ہوئی ہے۔ برف باری کے باعث چترال کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والا واحد زمینی راستہ لواری ٹاپ ہر قسم ٹریفک کیلئے بند ہے۔ چترال پولیس کے مطابق لواری ٹاپ گزشتہ رات بارہ بجے بند ہوا تھا جو کہ ابھی ہر قسم ٹریفک کیلئے بند ہے۔

لواری ٹاپ کی بندش کی وجہ سے چترال کے لوگوں کو نہایت مشکلات کا سامنا ہے۔ جبکہ لواری ٹاپ کے اوپر سے گزرنے والی بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن خراب ہے جس کی وجہ سے چترال کو بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔ لواری سرنگ کے اندر سے عام مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

چترال شہر میں چند دکانداروں اور عام راہگیروں نے بتایا کہ لواری ٹاپ کی بندش سے چترال سے باہر جانے والے اور پشاور سے چترال آنے والے مسافروں کو نہایت مشکلات کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر لواری ٹاپ مسلسل بند رہا اور لواری ٹنل کے اندر سفر کی اجازت نہیں دی گئی تو چترال میں اشیائے خوردونوش ، مرغی، تازہ سبزی کی شدید قلت پیدا ہوگی، خراب موسم کی وجہ سے پی آئی اے کی پروازیں بھی منسوح ہوچکی ہیں ۔ چترال بازار میں جلانے کی لکڑی کی بھی شدید قلت پیدا ہوئی ہے ۔ صوبائی حکومت کی نا اہلی کہ وجہ سے چترال کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کرتی ہیں۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ لواری ٹاپ کی بندش کی صورت میں لواری سرنگ کو ہفتے میں ایک روز یعنی جمعہ کے روز چند گھنٹوں کیلئے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا تاہم چترال کے لوگوں کا مطالبہ ہے کہ لواری ٹاپ کی بندش کی صورت میں لواری سرنگ کو ہفتے میں کم از کم دو دن کھول دیا جائے تاکہ لوگوں کو آنے جانے میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں