چترال، سکولوں میں کام کرنے والے اساتذہ کیلئے ریجنل ریسرچ کانفرنس کا انعقاد

جمعہ 23 ستمبر 2016 11:32

چترال۔23ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 ستمبر۔2016ء) آغاخان ایجوکیشن سروس پاکستان کے تحت چلنے والے چترال بھر کے سکولوں میں کام کرنے والے اساتذہ کیلئے ریجنل ریسرچ کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چترال اسامہ احمد وڑائچ مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب کی صدارت پروفیسر صاحب الدین پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کامرس کالج چترال نے کی ۔

اس موقع پر کینیڈا میں مقیم ماہر تعلیم ، ریسرچ سکالر اور ادیب پروفیسر ڈاکٹر میر بائز خان نے جدید تحقیق پر اپنا مقالہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے جس میں ایک انقلاب بر پا ہوچکا ہے اور اساتذہ کو چاہئے کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے تحقیق کر کے طلباء کو اس قابل بنایا جائے کہ وہ ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

لیکچرارشفیق الرحمان نے بھی اساتذہ کی لیڈرشپ اور کلاس روم کی شرکت کے موضوع پر تحقیقی مقالہ پیش کیا۔ریجنل ریسرچ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہما ن خصوصی ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہوئی ہے کہ کوراغ سکول کی ایک طالبہ نے ملک بھر میں نمایاں پو زیشن حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے طالب علم سے بھی ملے جو سکول جانے کے بعد مال مویشی چراتا تھا اور فارغ وقت میں پڑھائی کرکے پوزیشن حاصل کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ چترال میں شرح خواندگی کافی بہتر ہے مگر جس شرح سے تعلیم عام ہو رہی ہے اس حساب سے سی ایس ایس اور مقابلے کے امتحان سے نکل کر آفیسر منتخب نہیں ہوتے ، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ چترال سے ہر سال درجنوں بھر کلاس ون آفیسر تعینات ہوتے۔آخر میں مہمانوں کو سونئیر اور بعض شرکاء کو تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں