وزیر اعظم نواز شریف کا چترال دورہ ، عوامی جلسے سے خطاب

وزیر اعظم نے چترال کے لیے بجلی کی نئی ٹرانشمیشن لائن بچھانے،250بستروں پر مشتمل اسپتال بنانے اور چترال میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 7 ستمبر 2016 12:39

وزیر اعظم نواز شریف کا چترال دورہ ، عوامی جلسے سے خطاب

چترال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07ستمبر2016ء) :وزیر اعظم نواز شریف چترال میں جلسہ گاہ پہنچے جہاں انہوں نے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے چترال آ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔پہلے وزیر اعظم تھا تب آیا آج بھی وزیر اعظم ہوں آج بھی آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ چترال کے لوگ اب اردو سمجھنے لگ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں چترالی عوام کو یہاں خوشخبری سنانے آیا ہوں۔

وزیر اعظم نواز شریف نے چترال کے لیے بجلی کی نئی ٹرانشمیشن لائن بچھانے کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ گولن گول سے چترال تک 125کے وی اے کی ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائیگی، انہوں نے چترال میں 250بستروں پر مشتمل اسپتال بنانے کا بھی اعلان کیا ۔ جلسے سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف نے چترال میں یونیورسٹی کے قیام کا بھی اعلان کر دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے قیام کے بعد چترال کے لوگ بھی لاہور سمیت دیگر شہروں کے پڑھے لکھے لوگوں میں شامل ہو جائیں گے۔ یہاں ایک نہیں کئی یونیورسٹیاں بنیں گی، انہوں نے اعلان کیا کہ 2017 ءکے آخر تک لواری ٹنل بھی مکمل کر لیا جائے گا۔ مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ لوگ یہاں ووٹ مانگنے آتے ہیں اور ابھی 2016میں ووٹ مانگنے کا وقت نہیں آیا ۔

کل کراچی کی عوام نے بھی ایسے لوگوں کو جواب دے دیا ہے۔ اگر کوئی تعاون نہیں لینا چاہتا پھر بھی ہم تعاون کے لیے تیار ہیں۔مخالفین روز مخالفانہ بیانات دے رہے ہیں۔لیکن ہم چترال کی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ میرا خواب ہے کہ ہم سب ملکر پاکستان کو تعمیر کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں آج صرف اور صرف لواری ٹنل دیکھنے آیا ہوں۔ لواری ٹنل پر 27ارب روپے خرچ آ رہا ہے اور ہم نے حکومت کے دوران لواری ٹنل پر 10ارب روپے خرچ کیے۔ دعا کرتا ہوں کہ اللہ مخالفین کو بھی پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالنے کی توفیق دے۔

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں