شندور پولو فیسٹیول دہشتگرد عناصر کیلئے پیغام ، بلا خوف و خطر اپنی روایات جاری رکھیں گے،آرمی چیف

اتوار 31 جولائی 2016 14:25

شندور پولو فیسٹیول دہشتگرد عناصر کیلئے پیغام ، بلا خوف و خطر اپنی روایات جاری رکھیں گے،آرمی چیف

چترال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 جولائی ۔2016ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ شندور پولو فیسٹیول دہشتگرد عناصر کیلئے پیغام ہے اور بلا خوف و خطر اپنی روایات کو جاری رکھیں گے،دہشتگردوں اور ان کے مددگاروں پر زمین تنگ ہوچکی ہے،پاک فوج تمام مشکلات کی گھڑیوں میں عوام کے ساتھ ہے،عوام کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے‘ائیدار امن کے حصول کیلیے ملک بھر میں مشن جاری رہے گا۔

وہ دن دور نہیں جب ہمارا وطن تعلیم وترقی اور امن وسلامتی کی پہچان بنے گا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شندور فیسٹیول کی تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ میں آج شندور کے اس پر فضا مقام پر چترال اور گلگت بلتستان کے غیور،باصلاحیت اور پراعتماد نوجوانوں کے درمیان موجود ہوں،آپ کی بڑی تعداد نے اس فیسٹیول میں شرکت کرکے جس جذبے کا اظہار کیا ہے وہ انتہائی قابل ستائش اور ایک زندہ دل قوم کی مثال ہے،یہ فیسٹیول نہ صرف نیشنل اور انٹرنیشنل ٹورزم کے فروغ کیلئے خوش آئند ہے،بلکہ دہشگرد عناصر کیلئے پیغام بھی ہے کہ ہم بلاخوف و خطر اپنی ورایات کو انشاء اﷲ جاری رکھیں گے،یہ رنگا رنگ تقریب اس عظیم وطن کے روشن مستقبل کی دلیل اور پاکستان کی ترقی و سلامتی کی ترجمان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ہم جس پر امن فضا میں سانس لے رہے ہیں وہ عوام اور افواج پاکستان کی بے پناہ قربانیوں کا ثمر ہے،آپریشن ضرب عضب اسی جذبے اور پختہ یقین کا تسلسل ہے،پائیدار امن کے حصول کیلئے ہمارا یہ سفر پورے ملک میں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔اس سفر میں کامیابی کا دارومدار قوم کی مکمل حمایت اور بالخصوص نوجوان نسل کے کلیدی کردار پر منحصر ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ دہشتگردوں اور ان کے مددگاروں پر زمین تنگ ہوچکی ہے،انشاء اﷲ وہ دن دور نہیں جب ہمارا پیارا وطن دنیا میں تعلیم و ترقی اور امن و سلامتی کی پہچان بنے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے احساس ہے کہ چترال اور گلگت بلتستان کے لوگ مشکل دور سے گذر رہے ہیں،یہ علاقہ دور دراز ہونے کے ساتھ ساتھ زمینی آفات کا بھی شکار رہاہے،آپ کو معلوم ہے کہ ان تمام آفات اور مشکلات میں پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں اور ڈاکٹروں نے آپ سب کا بھرپور ساتھ دیا،پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں نے زخمیوں اور سیلاب میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا او بہت سارے ریلیف کیمپس کیے،ایف ڈبلیو او نے 50سے زائد جگہوں پر پلوں اور تمام اہم سڑکوں کو بروقت مرمت کرکے آمدو رفت کو بحال کیا۔

ایس سی او جو فوج کا ایک اہم ادارہ ہے وہ دن رات کی کاوش کے ساتھ آپ کو ٹیلی کام کی سہولیات فراہم کر رہاہے،میں ان سب اداروں اور لوکل گورنمنٹ کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔انہوں نے کہا کہ یاد رکھیے،چاہے خوشی کا موقع ہو یا مصیبت کی گھڑی،افواج پاکستان اپنے وطن کے دفاع اور اپنی عوام کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریٖغ نہیں کریں گے،ہم انشاء اﷲ مل کر ان علاقوں میں زندگی کی سہولیات کو مزید بہتر بنائیں گے۔

آخر میں آرمی چیف نے کہا کہ میں پولو کے مقابلے میں حصہ لینے والی ٹیموں،آرگنائزر،ہیڈ کوارٹر11کور،فرنٹیئرکور،چترال سکاؤٹس،دونوں اطراف کی سول انتظامیہ،ٹورزم کارپوریشن اور باقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو میلے امن اور کامیاب انعقادپر مبارکباد پیش کرتاہوں۔ہماری یہ ہمیشہ کوشش رہے گی کہ آپ کو ہر میدان میں بہتر مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ آپ اپنے علاقے اور ملک کی خوشحالی میں اپنا کردار بھر پورطریقے سے ادا کرسکیں۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں