چترال میں خواتین کیلئے قیمتی پتھروں کی کٹائی اور پالش کا تربیتی کورس شروع

اتوار 8 نومبر 2015 13:18

چترال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 نومبر۔2015ء) چترال میں خواتین کو باعزت روزگار اور رزق حلال کمانے کا اہل بنانے کے سلسلے میں ان کو قیمتی پتھروں کی کٹائی اور اس کی پالش یعنی جیم سٹون کٹنگ اور پالشنگ کے چارماہ کے تربیتی کورس کا آغاز ہو گیا ہے جس میں کثیر تعداد میں تربیت حاصل کرنے والی خواتین نے حصہ لیا ۔ اس تربیت کا اہتمام چترال میں ایک فلاحی ادارہ سی اے ڈی نے حکومت پاکستان کے مالی تعاون سے کیا ہے۔

اس ادارے میں خواتین کو قیمتی پتھروں کی کٹائی ، اس سے خوبصورت ڈیکوریشن پیس کے نمونے تیار کرنے، ان کو انگوٹھی میں نگینے کے طور پر استعمال کرنے سمیت پتھروں کی مختلف ساخت میں کا ٹ کر مشین کے ذریعے پالش کرنے کی تربیت دی جاتی ہے بعد ازاں انہیں ہموار کرکے مارکیٹ تک پہنچایا جاتا ہے جہاں یہ قیمتی پتھر مناسب قیمت پر فروخت کئے جاتے ہیں جس سے یہ خواتین باعزت طریقے سے رزق حلال کماتی ہیں۔

(جاری ہے)

زیر تربیت خواتین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان پتھروں کی کٹائی اور اس کی پالش کا کام سیکھ کر ہم اپنے گھروں میں بھی ایسی مشین نصب کر کے اپنے لئے رزق حلال کما سکتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چترال کی خواتین کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ معاشرے پر بوجھ نہ بنیں ۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں