زلزلہ متاثرین کے نقصانات کے مکمل ازالے اور تعمیر نو میں مکمل مدد فراہم کی جائیگی ‘متاثرین کے مسائل جلد از جلد اور صحیح معنوں میں حل کرینگے ‘لواری ٹنل کی تکمیل اور نئی سڑکیں بنائی جائیں گی ‘ماضی میں بہت سے لوگوں نے چترال کے عوام کے جذبات کے ساتھ کھیلا ہے ،مسلم لیگ( ن) حقیقی معنوں میں عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ‘متاثرین کی مالی امداد کا طریقہ کار طے کر لیا ہے ‘بحالی کا عمل جلد شروع کیا جائیگا ‘اگلے پیر سے مالی امداد کے چیک کی تقسیم شروع ہو جائے گی ‘ اپنے شہریوں کی مدد ہمارا قومی فرض ہے

وزیر اعظم نوا زشریف کا چترال میں زلزلہ متاثرین سے خطاب ‘متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

بدھ 28 اکتوبر 2015 18:14

چترال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے چترال کے زلزلہ متاثرین کونقصانات کے مکمل ازالے اور تعمیر نو میں مکمل مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کر واتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کے مسائل جلد از جلد اور صحیح معنوں میں حل کئے جائیں گے‘لواری ٹنل کی تکمیل اور نئی سڑکیں بنائی جائیں گی جس کا افتتاح پرویز خٹک سے کرائیں گے‘ماضی میں بہت سے لوگوں نے چترال کے عوام کے جذبات کے ساتھ کھیلا ہے لیکن مسلم لیگ ن حقیقی معنوں میں عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ‘متاثرین کی مالی امداد کا طریقہ کار طے کر لیا گیا اور بحالی کا عمل دنوں میں شروع کیا جائے گا اور اگلے پیر سے مالی امداد کے چیک کی تقسیم شروع ہو جائے گی ‘پاکستانی شہریوں کی مدد ہمارا قومی فرض ہے ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو چترال میں زلزلہ متاثرین سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے چترال میں ہونے و الے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر اعلیٰ حکام نے وزیر اعظم کو ریلیف کے حوالے سے ہونے و الے کاموں بارے بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے انہیں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر عوام علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ میں یہاں کسی کے جذبات سے کھیلنے نہیں بلکہ ان افراد سے اظہار یکجہتی کیلئے آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بہت سے لوگوں نے چترال کے عوام کے جذبات کے ساتھ کھیلا ہے لیکن مسلم لیگ (ن) حقیقی معنوں میں عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اس لئے چترال کے مسائل کو جلد از جلد دور کیا جائے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ ماضی کی نسبت زلزلے سے بہت کم نقصان ہوا ہے، پاکستانی شہریوں کی مدد ہمارا قومی فرض ہے اس لئے زلزلہ متاثرین کے نقصانات کا ہر ممکن ازالہ کریں گے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ متاثرین کی مالی امداد کا طریقہ کار طے کر لیا گیا اور بحالی کا عمل دنوں میں شروع کیا جائے گا اور اگلے پیر سے مالی امداد کے چیک کی تقسیم شروع ہو جائے گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر چترال سے گرم چشمہ تک، چترال سے شندور تک اور چترال سے بھمبرتک نئی سڑکیں بنانے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی لواری ٹنل پر اگلے سال کام مکمل کرنے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ لواری ٹنل کو پچھلے 25 سالوں سے نامکمل ہے اور گزشتہ حکومتوں نے اس پر کوئی توجہ دینے کے بجائے اسے یکسر فراموش کر دیا تھا لیکن جس دن سے مسلم لیگ ن کی حکومت آئی ہے اس منصوبے پر بہت پیسے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کر دی ہے کہ یہ کام اگلے سال مکمل ہو جانا چاہئے جبکہ اس کا افتتاح خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے کرایا جائے گا

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں