چترال کی خوبصورت وادی بروغل میں مواصلات ‘ صحت اور روزگار کی سہولیات ناپید ،مکین کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور

پیر 19 اکتوبر 2015 13:36

چترال۔19 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اکتوبر۔2015ء) چترال کے شمال میں واقع خوبصورت وادی بروغل کے لوگ انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں وادی میں نہ تو کوئی مواصلاتی نظام فعال ہے نہ روزگار کے مواقع موجود ہیں ‘زیادہ تر لوگ مال مویشی پالتے ہیں مگر موسم سرما میں شدید برف باری کی وجہ سے کئی مہینے یہ لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ جاتے ہیں اور اس دوران ان کے جانوروں کیلئے چارہ بھی مشکل سے دستیاب ہوتاہے۔

وادی بروغل کے مکینوں کے مطابق ان کے مال مویشی خراب موسم کی وجہ سے اکثر بیمار رہتے ہیں مگر ان کے علاج معالجے کی سہولیات کا فقدان ہے ۔ لوگ چھوٹے چھوٹے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں لکڑیوں کے ناپید ہونے کی وجہ سے یہ لوگ نہایت کم جگہ پر آبادی بناتے ہیں۔

(جاری ہے)

موسم اتنا سرد ہے کہ یہاں کے لوگ اب گندم اور جو کی فصل کاٹ کر اسے صاف کرتے ہیں۔ تاہم اچھی فصل اور دیگر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے یہ فصل بھی نہایت کمزور ہوتی ہے خواتین گھروں میں بیٹھ کر چھاننی کے ذریعے اسے چھان کر صاف کرتی ہیں مگر ان لوگوں کا کہنا ہے کہ اس گندم کو چکی کے ذریعے پیسنا مشکل ہے کیونکہ اکثر علاقوں میں چکیاں نہیں ہوتیں جسکی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

وادی بروغل کے مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وادی میں زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں اور ان کو صحت ‘ مواصلات ‘ روزگار سمیت تعلیم اور دیگر ضروریات کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں