چترال سکول آف نالج اینڈ سائنس میں تقسیم انعامات کی تقریب

منگل 22 ستمبر 2015 11:42

چترال ۔ 22 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 ستمبر۔2015ء) سکول آف نالج اینڈ سائنس سینگور میں پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس سلسلے میں سکول کی ہال میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی ۔ ڈائریکٹر سکول آف نالج اینڈ سائنس مولانا عبد الکریم اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ پہلے نشست میں تقریب کی صدارت مس آسرا امان اور دوسری نشست میں معروف ماہر تعلیم ذوالفقار احمد نے کی۔

تقریب کے دوران بچوں نے تلاوت، حمد، نعت شریف، ملی نغمہ، خاکہ، ڈرامہ اور نظم کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ بچوں نے مختلف موضوعات پر خاکے اور اسٹیج ڈرامے پیش کرتے ہوئے حاضرین سے داد لی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالکریم نے کہا کہ ہم معیاری تعلیم پریقین رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے ضلع چترال میں اپنے نوعیت کا یہ واحد اور پہلا ادارہ ہے جہاں ٹیچرز کا بائیو میٹرک نظام سے حاضری لگائی جاتی ہے اور ان کی باقاعدہ مانیٹرنگ ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکول میں مانٹیسری، جونئیر، سینئر ون اور ٹو کلاس لگتے ہیں جس میں بچوں کو جدید تعلیمی سامان سے جدید تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے پڑھایا جاتا ہے تاکہ بچے پڑھائی میں دلچسپی لیں اور سبق کو بوجھ کے بجائے زندگی کا مقصد سمجھیں۔انہوں نے کہا کہ سکول کو اس مقصد اور نظریے کے تحت کھولا گیا کہ یہاں سے بڑے بڑے لیڈر پید ا ہو اور آگے جاکر ملک و قوم کا خدمت کرے۔

یہی وجہ ہے کہ سکول میں اعلیٰ تعلیم یافتہ سٹاف کو رکھا گیا ہے اور بعض استانیوں کی نہایت معیاری تعلیمی اداروں میں تربیت کی گئی ہے۔تقریب کے دوران سکول کی پرنسپل مس اسرا امان اور کو آرڈینیٹر محمد اسلم نے حصوصی انعام حاصل کیا۔ بعد میں مڈ ٹرم امتحان میں اعلےٰ پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ جبکہ ہوم ورک کی بروقت تکمیل اور پروگرام کے دوران حسن کارکردگی کے حامل طلباء و طالبات میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں کثیر تعداد میں طلباء طالبات، اساتذہ اور والدین نے شرکت کی۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں