پنجاب پولیس ، بوگس بھرتیوں کے سیکنڈل میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کا امکان

آر پی او ملتان طارق مسعود یسین بوگس بھرتیوں کے تحقیقاتی افسر مقرر

بدھ 9 ستمبر 2015 13:55

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) پنجاب پولیس میں ملتان،خانیوال،فیصل آباد،راجن پور سمیت پنجاب بھر کے دیگر اضلاع میں سینکڑوں کانسٹیبلزکی بوگس بھرتیوں کے سیکنڈل میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کے امکان کو ردنہیں کیا جاسکتا۔یہ بات بوگس بھرتی سیکنڈل کی تحقیقات اور اس سیکنڈل میں ملوث ملزموں کو گرفتار کر کے ان سے پانچ سال کی تنخواہوں کی سرکاری تنخواہوں کی رقم کی وصولی کرنے والے ایک سرکاری افسر نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر گزشتہ روز ”آن لائن“ سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی ۔

ان سرکاری ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس میں سینکڑوں کانسٹیبلز کی بھرتی میں سابق آر پی او ملتان ایڈیشنل آئی جی امجد جاوید سلیمی جو اس وقت آئی جی آفس میں تعینات تھے سمیت ان اضلاع میں تعینات ڈی پی اوز بھی ملوث ہیں جن کو آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیر ا اپنے بڑے پیٹی بھائیوں کو بچانے اور تحفظ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور تمام ملبہ اس سیکنڈل میں ملوث چھو ٹے پولیس ملازمین پر ڈالنے کے لیے کوشاں ہیں جس کی نشاندہی یکم ستمبر کو عدالت عظمی کے معزز جج مسٹر جسٹس اعجاز احمد نے بوگس بھرتی کیس کی سماعت کے دوران کی انہوں نے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ لگتا ہے آپ اپنے بڑے پیٹی بھائیوں کو کچھ نہیں کہتے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت عظمی کے معزز جج مسٹر جسٹس اعجاز احمد نے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کی سخت سر زنش بھی کی اس موقع پر آر پی او ملتان طارق مسعود یسین نے عدالت عظمی کے معزز جج سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم معزز عدالت کے سامنے اس کیس کی تحقیقات بارے اس کیس کی مناسب انداز سے بریفنگ دینے سے قاصر رہے ہیں اور ہم اپنی کوتاہی اور غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے معزز عدالت سے دوبارہ بریفنگ اور رپورٹ پیش کرنے کی اجازت چاہتے ہوئے کچھ عرصہ کے لیے کیس کے التواء کی درخواست کرتے ہیں۔

جس پر عدالت عظمی کے معزز جج مسٹر جسٹس اعجاز احمد نے آئی جی پنجاب سے کہا کہ آپ پندرہ روز کے اندر اس کیس کی تحقیقات کر کے رپورٹ عدالت عظمی میں جمع کرائیں اور دیکھیں کہ پنجاب پولیس میں ہونے والی بوگس بھرتیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی”را“ کے لوگ بھی بھرتی ہو سکتے ہیں۔بعدازاں آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے آر پی او ملتان طارق مسعود یسین کوپنجاب بھر میں پولیس میں ہونے والی بوگس بھرتیوں کا تحقیقاتی افسر مقرر کیا ہے جو آئی جی کے حکم کے مطابق ان بوگس بھرتیوں کی تحقیقات کر رہے ہیں اور اب دیکھنا یہ ہے کہ آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا آر پی او ملتان کی اس تحقیقات میں اثر انداز ہوتے ہوئے اپنے بڑے پیٹی بھائیوں ایڈیشنل آئی جی امجد جاوید سلیمی اور ان ڈی پی اوزکومکھن سے بال کی طرح نکال کر بچانے میں کامیاب ہوں گے یا ان کو انکے منطقی انجام تک دیگر چھوٹے ملازمین کی طرح پہنچا دیں گے یا پھر اپنے بڑے پیٹی بھائیوں کو بچا کر چھوٹے پولیس ملازمین کو قربانی کا بکرا بنا دیں گے۔

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں