چترال‘ ویلی کنزرویشن کمیٹیوں کے اجلاس میں جنگلی حیات کے تحفظ پر غور

بدھ 2 ستمبر 2015 16:09

چترال۔02ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء )حالیہ سیلاب میں چترال کے طول و عرض میں تباہی کے ساتھ ساتھ سینکڑوں مکانات کے علاوہ کئی قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں‘ قدرتی آفات سے بچاؤ اور انسانی جان و مال کی تحفظ کے سلسلے میں گرم چشمہ کے مقام پر ویلی کنزرویشن کمیٹیوں کے نمائندگان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ‘مقررین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قدرت نے ہمارے آس پاس نباتات، حیوانات اور دیگر محلوق ہمارے فائدے کیلئے پیدا کی ہے‘ اگر ہم ان جنگلی جانوروں اور پرندوں کو بے دریغ ماریں گے تو قدرتی نظام میں خلل پڑے گا جو یقینا ہماری تباہی کا باعث بنے گا‘انہوں نے کہاکہ چند سال پہلے گرم چشمہ کے منور، پریبک، گوبور کے علاقوں میں برفاتی ریچھ، برفانی چیتا، مارخور، تیتر اور دیگر کئی قسم کی نایاب پرندے اور جنگلی حیات پائے جاتے تھے مگر آہستہ آہستہ و ہ ختم ہوتے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے اس اہم اجلاس کا بنیادی مقصد تمام ویلی کنزرویشن کمیٹیوں کے نمائندگا ن کو بلاکر ان کو آگاہی دینا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ویلی کنزروایشن کمیٹیوں کو فعال بنانے اور قدرتی ماحول کی حفاظت کریں ‘ جس سے نہ صرف ہمارے ماحول پر اچھے اثرات پڑیں گے بلکہ ہماری معیشت میں بھی بہتری آئے گی’انہوں نے کہا کہ پچاس فیصد قدرتی آفات کی وجہ جنگلات کی کٹائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان تمام وی سی سی کو کنزرویشن مینجمنٹ کمیٹی کے ساتھ رجسٹرڈ کیا جائے گا جن کو وہاں سے فنڈ بھی ملیں گے اور اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی کام بھی کرسکیں گے۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں