چترال میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ، مزید دو افراد ریلے میں بہہ گئے،مجموعی تعداد 32ہوگئی

لوگ گھروں میں محصور ، گھر ، کھیت ، دکانیں تباہی کی نذر ، پاک فوج متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف

اتوار 26 جولائی 2015 11:37

چترال میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ، مزید دو افراد ریلے میں بہہ گئے،مجموعی تعداد 32ہوگئی

چترال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 جولائی۔2015ء) چترال میں قیامت خیز سیلابی ریلے کی تباہ کاریاں نہ رک سکیں ، مزیددو افراد بہہ گئے ، ہلاکتوں کی تعداد 32 ہوگئی ، سڑکیں بند ہونے سے اپرچترال کی بستیوں میں لوگ محصور ہو کر رہ گئے ، پاک فوج کے جوان لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر نے میں مصروف رہے۔ چترال میں سیلابی ریلوں نے قیامت برپا کر دی ۔

(جاری ہے)

سیلاب کی آفت لوگوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی بہا کر لے گئی ، کسی کا گھر تباہ ہوا ، کسی کا باغ اور کھیت اجڑ گیا ، رشین گول نالے میں بے قابو سیلابی ریلے میں مزید دو افراد بہہ گئے ، ایک کی لاش برآمد کرلی گئی دوسرے کی تلاش کا کام جاری ہے۔ بپھری موجیں متعدد دکانیں اور گھر بہا کر لے گئیں۔ تَلاطْم خیز پانی رابطہ سڑکیں اور پل بہا کر لے گیا اور متعدد دیہات ایک دوسرے سے جدا ہوگئے۔

پاک فوج کے جوان ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محصور ہوجانے والے افراد کو امدادی اشیاء پہنچاتے رہے ۔ اپر چترال کی مختلف بستیوں میں پھنسے کچھ افراد کو آرمی جوانوں نے محفوظ مقام پر پہنچایا۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کا سلسلہ نہ تھمنے سے ابھی تک متعدد سڑکوں کی بحالی کا کام شروع نہیں کیا گیا ۔ سیلاب کے دوران اب تک تین سو سے زائد گھر مکمل طور پر بہہ گئے۔

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں