انکوائری کمیشن کی رپورٹ تسلیم کرتا ہوں ، نواز شریف خوش قسمت ہے ، 21 جماعتوں نے دھاندلی کے الزامات لگائے تھے ، اصل کیس تحریک انصاف نے لڑا ، (کل) رپورٹ پر تفصیلی پریس کانفرنس کروں گا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی چترال میں صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 23 جولائی 2015 18:30

چترال ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جولائی۔2015ء ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 2013ء کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق سپریم کورٹ کے انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو تسلیم کرلیا ہے اور کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف خوش قسمت ہیں ، 21 جماعتوں نے دھاندلی کے الزامات عائد کیے تھے ، اصل کیس تحریک انصاف نے لڑا ، رپورٹ کی تفصیلات پڑھنے کے بعد جمعہ کو پریس کانفرنس میں تفصیلی رد عمل دیا جائے گا ۔

چترال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو تسلیم کرتے ہیں اور پہلے دن ہی یہ کہہ دیا تھا کہ انکوائری کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا اسے قبول کیا جائے گا اور میں انکوائری کمیشن کے فیصلے کو من و عن تسلیم کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں اصولاً تو یہ رپورٹ حکومت اور تحریک انصاف کو ایک ہی وقت میں ملنی چاہیے تھی اور میں اسی لئے اعتراض کر رہا تھا کہ ہمیں یہ رپورٹ ابھی تک نہیں ملی ، اب سنا ہے کہ وزارت قانون کی ویب سائٹ پر جاری کردی گئی ہے ۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف خوش قسمت ہیں کہ انہوں نے رپورٹ مجھ سے پہلے پڑھ لی ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ 21 سیاسی جماعتوں نے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے تھے لیکن تحریک انصاف نے اصل کیس لڑا اور دھاندلی کے ثبوت سامنے لائے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی میں نے تفصیلی رپورٹ نہیں پڑھی ، رپورٹ پڑھنے کے بعد (کل) جمعہ کو اس پر اپنا تفصیلی رد عمل دوں گا۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں