نوا زشریف 16 سال بعد چترال کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر اعظم ، سیلاب متاثرہ علاقوں کا 2گھنٹے تک تفصیلی دورہ ، آئندہ چند روز میں دوبارہ وادی کیلاش اور لواری ٹنل کا دورہ کریں گے

بدھ 22 جولائی 2015 21:07

نوا زشریف 16 سال بعد چترال کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر اعظم ، سیلاب متاثرہ علاقوں کا 2گھنٹے تک تفصیلی دورہ ، آئندہ چند روز میں دوبارہ وادی کیلاش اور لواری ٹنل کا دورہ کریں گے

چترال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جولائی۔2015ء) وزیر اعظم نوا زشریف 16 سال بعد چترال کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر اعظم ہیں ‘ اپنے دورہ میں انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا 2گھنٹے تک تفصیلی دورہ کیا اور آئندہ چند روز میں وہ دوبارہ وادی کیلاش اور لواری ٹنل کا دورہ کریں گے جبکہ آل پاکستان مسلم لیگ (مشرف) کے چترال سے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار نے متاثرین کیلئے امدادی پیکج اور دیگر مراعات کا اعلان کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نوا زشریف نے بدھ کو چترال کا ایک رو زہ دورہ کیا اور وہ 16 سال بعد چترال کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر اعظم ہیں او رانہوں نے ہی 1999ء میں بطور وزیر اعظم چترال کا آخری دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے چترال کیلئے ایک بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا تھا اور اس وقت موجودہ رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار کے والد شہزادہ محی الدین نے ان کا استقبال کیا تھا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم جب چترال ایئر پورٹ پہنچے تو خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ‘ رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کے ہمراہ گورنر کے پی کے سردار مہتاب ‘ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید ‘ وفاقی وزیر موسمی تغیرات مشاہد اللہ خان بھی تھے۔ وزیر اعظم نے ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد دیر تک گورنر ‘ وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزراء کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور وہ 3 مقامات پر ہیلی کاپٹر سے اتر کر متاثرین سے بھی ملے اور انہیں حکومت کی طرف سے ہر ممکن امداد کا یقین دلایا۔

وزیر اعظم کے شیڈول میں کیلاش وادی اور لواری ٹنل کا دورہ کرنا بھی شامل تھا تاہم شام کو ہیلی کاپٹر کی فلائٹ کیلئے موسم سازگار نہ ہونے کے باعث پائلٹ نے ہیلی کاپٹر اڑانے سے معذرت کی جس پر وزیر اعظم نے کہاکہ وہ آئندہ چند روز میں دوبارہ چترال کا دورہ کرینگے۔ اس موقع پر اے پی ایم ایل کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار اور دیگر نے وزیر اعظم کی طرف سے امدادی پیکج کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دوبارہ دورہ کرنے کی دعوت دی ۔ وزیر اعظم نے دورہ میں این ڈی ایم اے اور کے پی کے حکومت کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر اعظم ایک روزہ دورہ کے بعد شام 7 بجے پی آئی اے کی پرواز سے واپس اسلام آباد پہنچ گئے

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں