چترال اور گردونواح میں جاری بارشوں نے ضلع بھر میں تباہی مچا دی

منگل 21 جولائی 2015 12:54

چترال/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 جولائی۔2015ء) چترال اور گردونواح میں جاری بارشوں نے ضلع بھر میں تباہی مچا دی ‘زیارت کے مقام پر گاڑی کھائی میں گر نے سے3افراد جاں بحق‘3 زخمی ‘ مختلف وادیوں میں رابطہ سڑکیں بہہ گئیں ، طغیانی سے کیلاش ، بمبوریت ، گرم چشمہ اور سب ڈویژن مستوج کی سڑکیں ابھی تک بند ‘چترال میں سیلاب متاثرین کیلئے پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ‘ 8 ٹن اشیائے خوردنوش پہنچا دیں۔

تفصیلات کے مطابق چترال اور گردونواح میں جاری بارشوں نے ضلع بھر میں تباہی مچا دی ہے ، چترال میں سیلاب کے باعث مختلف وادیوں میں رابطہ سڑکیں بہہ گئیں ، طغیانی سے کیلاش ، بمبوریت ، گرم چشمہ اور سب ڈویڑن مستوج کی سڑکیں ابھی تک بند ہیں جس کے بعد ہنگامی حالت نافذ ہے۔

(جاری ہے)

ہزاروں افراد مختلف علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں ، بپھری لہروں سے سیکڑوں مکانات ، دکانیں اور دیگر عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ علاقے میں فصلیں تباہ ہوگئی ہیں جبکہ لواری ٹنل کے قریب زیارت کے مقام پر گاڑی کھائی میں گر گئی جس سے 3افراد جاں بحق اور 3زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی میں سوار افراد لوئر دیر سے چترال جارہے تھے کہ راستے میں گاڑی کنٹرول سے باہر ہو گئی اور کھائی میں جا گری۔ریسکیو ذرائع نے زخمی افراد کو فوری طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں چترال کی تباہ کاریوں اور پاک فوج کے ریسکیو آپریشن کو بحالی کے حوالے سے جاری کاموں بارے کہا گیا ہے کہ چترال میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چترال میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے کیلئے پاک فوج خدمات انجام دے رہی ہے۔ آئی ایس پی آر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گرم چشمہ ‘کیلاش ویلی اور اپر چترال کے متاثرین کیلئے امداد فراہم کی جارہی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے 8 ٹن اشیائے خوردنوش چترال پہنچا دی ہیں

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں