گرم چشمہ کریم آباد ویلی کے عوام کا منتخب نمائندوں کی طرف سے علاقے کومسلسل نظر انداز کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ،

گرم چشمہ روڈ کو بلاک کرکے کریم آباد سے شوغور تک پیدل مارچ کیا

ہفتہ 14 مارچ 2015 19:00

چترال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) گرم چشمہ کریم آباد ویلی کے عوام نے ہفتے کے روز حکومت اور سیاسی منتخب نمائندوں کی طرف سے علاقے کومسلسل نظر انداز کرنے کے خلاف ایک بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا سیکڑوں کی تعداد میں مشتعل مظاہرین نے سیاسی نمائندوں کے خلاف مردہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے کریم آباد سے شوغور تک پیدل مارچ کیا۔

مظاہرین نے شوغور پل کے قریب گرم چشمہ روڈ کو بلاک کرکے نذیر احمد کی صدارت میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا۔ جلسے سے سابق تحصیل ناظم سلطان شاہ،محمد یعقوب،سید جماعت علی شاہ اور محمد شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کریم آباد کی 18ہزار آبادی پر مشتمل علاقہ اس دور جدید میں بھی زندگی کی بنیادی سہولتوں سے یکسر محروم ہے۔

(جاری ہے)

علاقے کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک تعمیر کی تھی جو بہت ہی دشوار گزار ہے اس روڈ پر درجنوں افراد حادثات کا شکار ہوکر اپنی جانین گنوا چکے ہیں۔

جبکہ شوغور کا معلق پل اس وقت پل صراط کا منظر پیش کر رہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کریم آباد ویلی کو گزشتہ 67سالوں سے تعلیم ،صحت ،کمیونیکیشن اور زراعت کے شعبے میں ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔منتخب نمائندے ووٹ لے کر رفو چکر ہو جاتے ہیں۔چترال کے موجودہMNAاورMPAsمنافقت کی سیاست کر رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ ایک عرصے سے شوغور پل اور کریم آباد روڈ کی تعمیر کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں مگر ہماری کوئی نہیں سنتا اُنہوں نے حکومت سے فوری مطالبہ کیا کہ شوغور کے مقام پر RCCپل اور کرم آباد ویلی جانے والی سڑک کو محکمہ ورکس کے حوالے کرکے توسیع کا کام شروع کیا جائے۔

اُنہوں نے دھمکی دی کہ اب بھی ہمارے مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو ہم لانگ مارچ کرکے خیبر پختونخوا اسمبلی اور قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے اور بھوک ہڑتال کریں اور کسی قسم کی قربانی سے دریع نہیں کریں گے۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں