کیری لوگر بل ملک کی سلامتی کو امریکہ کے ہاتھوں گروی رکھنا اور قرارداد مقاصد کو دفن کرنے کا منصوبہ ہے ،قاضی حسین احمد

منگل 29 ستمبر 2009 19:02

چترال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29 ستمبر ۔2009ء) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ کیری لوگر بل دراصل ملک کی سلامتی کو امریکہ کے ہاتھوں گروی رکھنا اور قرارداد مقاصد کو دفن کرنے کا منصوبہ ہے جسے پاکستان کے عوام کبھی قبول نہیں کرسکتے جبکہ حکمرانوں کو ہوش کا ناخن لینا چاہئے ، پیر کے روز چترال پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیری لوگر بل کے مطابق امریکی حکام ہمارے کسی بھی نیوکلیئر سائنس دان کو پوچھ گچھ کے لئے بلا سکتے ہیں جبکہ ایک خود مختار ملک کبھی اس کی اجازت نہیں دے سکتا ، لیکن ہمارے حکمران امریکہ کے سامنے گدا گر بنے ہوئے ہیں موجودہ ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے قاضی حسین احمد نے کہا کہ ملک آزاد نہیں اور خود مختاری نام کی کوئی چیز موجود نہیں ،برائے نام آزادی بھی چھن گئی ہے ، انہوں نے حکمرانوں پر زوردیا کہ وہ ملک کی خود مختاری کیلئے امریکہ کے سامنے اپنے آپ کو گداگر اور تابع نہ بنائے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب تک جے یو آئی دو رنگی نہ چھوڑ دے ت ایم ایم اے کے دوبارہ بننے کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ مولانا فضل الرحمن ایک طرف مرکزی حکومت میں اقتدار کا مزہ لے رہے ہیں تو دوسری طرف امریکہ کے خلاف بیانات دے رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ دراصل ایم ایم اے میں افتراق اس وقت ہوا جب مولانا فضل اللہ نے پرویز مشرف کے خلاف قدم لینے سے انکار کیا جبکہ ایم ایم اے کے بغیر پرویز مشرف صدر منتخب نہیں ہوسکتا تھا ، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خود کشی کے نام پر معصوم لوگوں کا قتل ہرگز جائز نہیں ۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں